ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کالج میں سرسبز و شاداب پاکستان کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز

ہفتہ 24 اگست 2019 12:52

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال ایبٹ آباد اور ایوب میڈیکل کالج میں سرسبز و شاداب پاکستان کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ مہم ایک ہفتہ تک جاری رہے گی جس کے تحت ہسپتال میں تقریباً تین ہزار درخت لگائیں جائیں گے۔ شجر کاری مہم کا آغاز امریکی نژاد پاکستانی پلاسٹک سرجن قاضی ہارون، ڈین، چیف ایگزیکٹو پروفیسر ڈاکٹر عمر فاروق، میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احسن اورنگزیب اور ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر ندیم اختر نے ادارہ میں درخت لگا کر کیا۔

اس مہم کے تحت تمام ملازمین اور طلباء اپنے اپنے حصہ کے درخت لگائیں گے۔ ڈاکٹر قاضی ہارون نے افتتاحی تقریب کے بعد ادارہ اور پاکستان کیلئے دعا بھی کروائی۔ ایوب میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوش ایک وسیع و عریض رقبہ پر محیط ہے اور تعلیمی و طبی سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ دیگر سرگرمیوں میں بھی اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ برس گرین پاکستان مہم کے تحت ادارہ میں ڈھائی ہزار درخت لگائے گئے تھے، ہسپتال کا ہارٹیکلچر ڈیپارٹمنٹ ادارہ کو سرسبز و شاداب کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا ہے۔

مہم کیلئے ملازمین کو مختلف گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے اور ایک ہفتہ میں تین ہزار پودے لگانے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔ اس موقع پر ہسپتال کے تمام عملہ جس میں نرسز، ڈاکٹرز اور میڈیکل سٹاف اور دیگر عملہ کو بڑھ چڑھ کر اس مہم میں حصہ لینے کی تلقین کی گئی ہے۔ میڈیا منیجر امبر جاوید نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس ایبٹ آباد اور ڈسٹرکٹ فارسٹ آفس گلیز کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہسپتال کو شجر کاری مہم کیلئے درخت فراہم کئے اور اس امر کا اعادہ کیا کہ تمام طلباء و ملازمین گرین پاکستان مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں