ایبٹ آباد یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’ہیومن امپیکٹ آن انوائرمنٹ اینڈ بائیو ڈیورسٹی‘‘ کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد

جنگی حیات، آبی وسائل اور خوشگوار ماحول انسانی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہیں، ماحول تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے، پروفیسر ڈاکٹر وقار رضوی

منگل 23 اکتوبر 2018 22:23

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں شعبہ ذوالوجی کے زیراہتمام ’’ہیومن امپیکٹ آن انوائرمنٹ اینڈ بائیو ڈیورسٹی‘‘ کے موضوع پر ایک روزہ سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پرنسپل ایبٹ آباد پبلک سکول اور ذوالوجی کے ممتاز محقق پروفیسر ڈاکٹر سید وقار علی رضوی سیمینار میں گیسٹ سپیکر تھے۔

سیمینار کا مقصد طلباء و طالبات کو اس ماحول پر انسانی اثرات اور ماحول کو انسانوں سمیت دیگر جانداروں کیلئے سازگار بنانے کیلئے شعور اجاگر کرنا اور اس تناظر میں طلبہ کے ماحول کو سازگار اور صاف ستھرا بنانے کیلئے ان کے کردار سے آگاہی دینا تھا۔ قبل ازیں ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ڈاکٹر امداد الله نے سیمینار کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر سید وقار علی رضوی نے اپنے لیکچر کے دوران کہا کہ ہمیں اپنے ماحول کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھانا ہوں گے اور اس سلسلہ میں سنجیدہ ہونا انتہائی ضروری ہے، آبی وسائل اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے بھی کام کرنا ہو گا، آبادی کے بڑھنے سے وسائل میں کمی اور مسائل زیادہ ہوئے ہیں، اگر بروقت اس سلسلہ میں نہ سوچا گیا تو بنی نوح انسان کیلئے مستقبل میں خطرات پید ا ہو سکتے ہیں، جنگی حیات، آبی وسائل اور خوشگوار ماحول انسان کی بقاء کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درختوں کا زیادہ آگانا، آبی وسائل کو ذخیرہ کرنا، ان کے ضیاع کو روکنا اور اس کے ساتھ ساتھ اگر ہم زراعت کی پیدوار بڑھانے کیلئے زر رساں ادویات کے استعمال کو رد کر کے حیاتیاتی کھادیں استعمال کریں تو اس سے بھی ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر وقار علی رضوی نے کہا کہ ہمیں ماحول کو انسان دوست بنانے کیلئے اپنے اپنے حصہ کاکردار ادا کرنا ہو گا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے یونیورسٹی آمد پر پرنسپل ایبٹ آباد پبلک سکول پروفیسر ڈاکٹر سید وقار علی رضوی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہمیں انفرادی و اجتماعی طور پر ماحول کو انسان دوست بنانے کیلئے اپنے اپنے حصہ کے کردار کو ادا کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے قوانین بنائے جانے جس میں جنگلی حیات کے دشمنوں اور ماحول کو آلودہ کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جائیں، ترقی یافتہ ممالک میں ایسے سخت قوانین ہیں جن کی وجہ سے وہاں جنگلی حیات کا تحفظ یقینی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن سے مالا مال ملک ہے اور یہاں ایسے نایاب جنگلی حیات ہیں، اگر ان کا تحفظ یقینی بنایا جائے تو یہ نہ صرف یہاں کے ماحول کو چار چاند لگائیں گے بلکہ یہ پاکستان کیلئے قیمتی زرمبادلہ کا باعث بھی بن سکتے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر سید وقار احمد رضوی کے لیکچر کو انتہائی مفید معلوماتی قراردیتے ہوئے کہا کہ اس سے طلباء و طالبات میں ماحول کو انسان دوست بنانے کے حوالہ سے آگاہی پیدا ہو گی۔ انہوں نے سیمینار کے بہترین انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں