یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ کالجز میں بھی معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں۔ وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی

منگل 23 اپریل 2019 23:19

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ کالجز میں بھی معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے کام کر رہے ہیں، اس حوالہ سے مختلف اصلاحات بھی لا رہے ہیں جس کے ذریعہ اعلیٰ تعلیم کو نہ صرف عام آدمی کی پہنچ بلکہ معیار تعلیم کو بھی عالمی تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے کوشاں ہیں تاکہ کالجز کے طلباء و طالبات جب فارغ التحصیل ہوں تو وہ کسی بھی طرح جامعات کے طلبہ سے کم نہ ہوں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ گرلز کالج نمبر 1 ایبٹ آباد کے تدریسی شعبہ جات کی سربراہان سے بات چیت کے دوران کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

کالج کے تدریسی شعبہ کے سربراہان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد کو کالجز میں جاری بی ایس پروگرام کے حوالہ سے بریف کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ یونیورسٹی اور کالجز میں معیار تعلیم کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں ایبٹ آباد یونیورسٹی سے الحاق شدہ کالجز میں بھی اصلاحات کے حوالہ سے کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمسٹر رولز سمیت دیگر قواعد و ضوابط کے حوالہ سے سختی سے عمل درآمد کرائے جائے، الحاق شدہ کالجز میں بورڈ آف سٹڈیز اور اکیڈمک کونسل کی تشکیل بھی جلد از جلد مکمل کی جائے اور نصاب کو بھی جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے کیلئے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ نصاب کے حوالہ سے کوآرڈینیشن کمیٹی بھی تشکیل دی جائے جس میں ہر الحاق شدہ کالج سے ایک نمائندہ بھی ہو جو نصاب کی بہتری اور اس میں دور جدید کے تقاضوں کے حوالہ سے اصلاحات لا سکیں، گرلز کالج سے آئے ہوئی تدریسی سربراہان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد کی طرف سے اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی اور تعاون کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں