میٹرک رزلٹ کا اعلان جولائی کے آخری ہفتے ، انٹرمیڈیٹ کا رزلٹ اگست کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے، چیئرمین تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد

منگل 5 جولائی 2022 23:11

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جولائی2022ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ ایبٹ آباد محمد شفیق نے کہا ہے کہ میٹرک کے رزلٹ کا اعلان ماہ جولائی کے آخری ہفتے تک کر دیا جائے گا، ایف اے ،ایف ایس سی کا رزلٹ اگست کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے۔ وہ منگل کو یہاں سینئر صحافیوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک کی مارکنگ 60 فیصد مکمل ہو چکی ہے، ایف اے اور ایف ایس سی کی ابھی شروع کروا دی گئی ہے لیکن نتائج کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان صوبہ کے تمام بورڈز کے اجلاس کے بعد ہو گا۔

(جاری ہے)

محمد شفیق نے بتایا کہ اجلاس میں تمام بورڈز اپنی تاریخ طے کریں گے، مارکنگ کو شفاف بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں، آئندہ امتحانات کانسیپٹ بیس پر ہو گا، امتحانات کو شفاف بنانے کیلئے متعدد اقدامات زیر غور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماہر تعلیم بھی ہیں اور امتحانی نظام میں پیدا ہونے والی خرابیوں سے وہ نہ صرف پوری طرح واقف ہیں بلکہ انہیں حل کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں، امید ہے کہ وہ امتحانی نظام میں نقائص کو دور کر کے محنت اور لگن سے پڑھنے والے طلباء و طالبات کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے، انہیں ان کا حق دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں