گریوٹی فلو سکیم کے متاثرین نے حقوق کے حصول کیلئے تنظیم قائم کر لی

بگنوتر، نملی میرا اور پھلکوٹ کے عمائدین پر مشتمل ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نامزد کر دیئے گئے

پیر 23 اکتوبر 2017 20:31

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) گریوٹی فلو سکیم کے متاثرین نے حقوق کے حصول کیلئے تنظیم قائم کر لی۔ بگنوتر، نملی میرا اور پھلکوٹ کے عمائدین پر مشتمل ایکشن کمیٹی کے عہدیداران نامزد کر دیئے گئے ہیں۔ تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد صدر جبکہ ملک آصف جنرل سیکرٹری ہوں گے۔ گریوٹی فلو سکیم کا پانی روکنے سمیت تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے، ایکشن کمیٹی گرینڈ جرگہ میں مشاورت کے بعد پریس کانفرنس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

یونین کونسل بگنوتر، یونین کونسل باغ، یونین کونسل نملی میرا اور یونین کونسل پھلکوٹ کی عوام سے گریوٹی فلو سکیم لگاتے وقت پبلک ہیلتھ اور انتظامیہ نے ان علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر سمیت تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی، ملازمتوں میں حصہ اور تعمیراتی کاموں کیلئے فنڈز کی فراہمی کے وعدے کئے لیکن ان میں سے ایک بھی وعدہ محکمہ پبلک ہیلتھ اور انتظامی اداروں نے پورا نہیں کیا جس پر متاثرین نے متعدد مرتبہ احتجاجی مظاہرے کئے لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہ رینگی جس پر ان علاقوں کے عمائدین نے گرینڈ جرگہ طلب کر کے حقوق کے حصول کیلئے باقاعدہ ایکشن کمیٹی قائم کر لی جس میں عمائدین علاقہ نے اتفاق رائے سے تحصیل نائب ناظم سردار شجاع احمد کو صدر، تحصیل کونسلر ملک آصف اعوان کو جنرل سیکرٹری، ناظم ویلیج کونسل بانڈی میرا جمیل عباسی، صدر ممبر ضلع کونسل پھلکوٹ ملک فیصل اعوان، سینئر نائب صدر مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار علی افسر نائب صدر دوئم، ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار محمد حنیف، جائنٹ سیکرٹری فیصل دائود، پریس سیکرٹری ملک محمود اور آفس سیکرٹری عارف عباسی نامزد کر دیئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمائدین علاقہ اور ایکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ اگر حکومتی اداروں نے ان علاقوں کی عوام سے کئے گئے وعدے ایفا نہ کئے تو ان علاقوں میں قائم پانی سورس بند کرنے سمیت تمام حربے استعمال کئے جائیں گے جن میں مری روڈ بندش، ڈی سی آفس کے سامنے مظاہروں سمیت باقاعدہ احتجاجی تحریک چلائی جائے گی، ان تمام فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے ایک گرینڈ جرگہ طلب کیا جائے گا جس میں کئے گئے فیصلوں کے بعد ایکشن کمیٹی پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کرے گی۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں