سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی آمد کے حوالہ سے ایبٹ آباد پولیس نے جلسہ کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا

ہفتہ 18 نومبر 2017 12:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 نومبر2017ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی آمد کے حوالہ سے ایبٹ آباد پولیس نے جلسہ کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا ہے۔ ایک ہزار پولیس افسران اور نوجوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس حوالہ سے ڈی پی او ایبٹ آباد کے آفس میں ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی سونیا شمروز، ایس پی عبدالعزیز آفریدی اور تمام سیکرٹریٹ کمانڈر نے شرکت کی۔

جلسہ گاہ کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے ایک ہزار پولیس اہلکار اور نوجوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے جن میں ضلع پولیس کے علاوہ سی ٹی ڈی سپیشل برانچ، ایلیٹ فورس اور لیڈیز پولیس شامل ہوں گی۔ ضلع پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے جلسہ کے سیکورٹی کے انتظام کیلئے خصوصی اقدام کا تفصیلی جائزہ لیا اور تمام افسران کو سیکورٹی ڈیوٹی کے متعلق ہدایت دیں۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ تھانہ کینٹ اور تھانہ سٹی کے علاقوں میں سرچ آپریشن کئے جائیں گے جس کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہیں جو جلسہ گاہ کے ارد گرد کے علاقوں میں ہوٹل، ہاسٹل اور رہائشی علاقوں کی باریک بینی سے چیکنگ کریں گے، اس کے علاوہ تمام ایس ایچ اوز کو اجازت دی گئی کہ تھانہ جات کے ایریا میں صبح اور شام کے اوقات میں مختلف مقامات پر ناکہ بندی اور ہر گاڑی کی چیکنگ کو یقینی بنائیں۔ ضلعی پولیس آفیسر نے ٹریفک ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک پلان کے مطابق حویلیاں کی طرف سے جلسہ میں آنے والی گاڑیوں کو فوارہ چوک کے نزدیک پارکنگ ایریا میں پارک کیا جائے گا، شیروان سے آنے والی گاڑیوں کو لیڈی گارڈن میں پارک کیا جائے گا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں