صوبے میں تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے،مشتاق غنی

اتوار 19 نومبر 2017 14:01

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے، یہ ہمارے عوام کی بنیادی ضرورت اور حق ہے،تعلیمی نظام سب کیلئے یکساں کر دیا گیا ہے جس کی بدولت آج پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے ایک لاکھ 50 ہزار بچے سرکاری تعلیمی اداروں میں واپس آ گئے ہیں۔

وہ گذشتہ روز گورنمنٹ ہائی سکول نمبر تین ایبٹ آباد میں ضلع کے گور نمنٹ گرلز ہائی اور ہائیر سکینڈری سکولوں کے سالانہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر تقسیم انعامات تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ فائزہ شفیع، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر مردانہ قاضی تجمل، ضلع بھر کے گرلز سکولو ں کی پرنسپلز ، اسا تذہ اور طالبات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

(جاری ہے)

مشتاق غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی پرائیویٹ تعلیمی اداروں سے ہر میدان میں پہلے سے بہت بہتر ہو گئی ہے جس کا سارا کریڈٹ اساتذہ کو جاتا ہے۔انھوں نے کہا کہ قومیں ہمشیہ ترقی کیلئے تعلیم کو اپنا ہتھیار بناتی ہیں، ہم نے اگر اپنے ملک کی تقدیر بدلنی ہے تو تعلیم کی بدولت ہی بدل سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم یا کسی بھی دوسرے ادارے میں این ٹی ایس یا ایٹا سے بھرتی ہونے والے تمام ملازمین کو انشاء الله بہت جلد ریگولر کر دیا جائے گا۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ آج صوبہ کے تمام سکولوں کوایک لاکھ روپے سالانہ فی سکول سپورٹس فنڈز کی مد میں دیئے جا رہے ہیں، اس کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری سکولوں میں کتابیں مفت اور پورے صوبہ میں سکولوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، اساتذہ میرٹ اور این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتی کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج تک ہماری حکومت نی40000 اساتذہ بھرتی کیے جبکہ مزید 20000 اساتذہ بھرتی کئے جائیں گے جس سے اساتذہ کی کمی پوری ہو گی،500 سکولوں میں آئی ٹی لیب قائم کی گئیں، کھیل کے میدان اور جہاں جس چیز کی ضرورت تھیں وہاں سکولوں میں فراہم کی، 21 لاکھ بچے ٹاٹ پر تعلیم حاصل کر رہے تھے جن سی17 لاکھ بچو ں کو فرنیچر فراہم کر دیا ہے اور باقی کو بھی جلد فراہم کر دیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت نے صوبے میں ماحول بہتری کیلئے ایک ارب اور20 کروڑ درخت لگائے جبکہ ماضی میں پورے ملک میں صرف 7 کروڑ درخت لگائے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تمام اداروں کو غیر سیاسی بنایا، پولیس، صحت، تعلیم اور محکمہ مال میں آج عوام کو انصاف اور عزت دی جاتی ہے جبکہ رشوت اور کرپشن کو ختم کر کے قانوں سب کیلئے برابر کر دیا گیا ہے۔

مشتاق احمد غنی نے طالبات سے کہا کہ حکومت کا اتنی زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا صرف ایک ہی مقصد ہے کیونکہ آپ ہمارا مستقبل ہیں، آپ پرامن ماحول میں تعلیم حاصل کریں تاکہ آپ دل لگا کر محنت سے تعلیم حاصل کریںکیونکہ کل اس ملک کی باگ ڈور آپ کے ہاتھ میں ہو گی۔اس موقع پر ٹورنامنٹ کمیٹی کی جنرل سیکرٹری پرنسپل فرحت بشیر نے بتایا کہ گرلز سکولوں کا ٹورنامنٹ 25 اکتوبر سے ضلع بھر کے تمام گرلز ہائی اور ہائیر سکینڈری سکولوں کے درمیان منعقد ہوا جس میں 12 گرلز ہائیر سکینڈری اور 46 گرلز ہائی سکولوں کی طالبات نے حصہ لیا۔

تقریب میں مختلف سکولوں کی طالبات نے ملی نغمہ، ترانہ، نعت، پی ٹی شو، مارچ پاسٹ، ٹیبلو، قومی ترانہ اور دیگر پروگرا م پیش کئے۔ آخر میں مشتاق احمد غنی نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی طالبات میں انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں