ْبحالی کے گائوں کریڑ کو ٹیوب ویل کے ذریعہ پانی فراہم کرنے کا سلسلہ 10 ماہ سے تعطل کا شکار

اتوار 17 دسمبر 2017 13:53

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2017ء) یونین کونسل بحالی کے گائوں کریڑ کو ٹیوب ویل کے ذریعہ پانی فراہم کرنے کا سلسلہ 10 ماہ سے تعطل کا شکار ہے۔ پبلک ہیلتھ کی جانب سے ٹھیکیدار کو فنڈز فراہمی کے باوجود پائپ لائن کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

علاقہ عمائدین کے مطابق 10 ماہ قبل مانگل ندی پر قائم ٹیوب ویل سے یونین کونسل بحالی کیلئے پانی کی سپلائی کا سلسلہ اس وقت منقطع ہو گیا جب سی پیک پر کام کے دوران پائپ لائن کو شدید نقصان پہنچا جبکہ اس سے قبل بھی ٹرانسفارمر چوری کے باعث کئی ماہ تک پانی کی سپلائی بند رہی تھی۔

پبلک ہیلتھ کی جانب سے چند ماہ قبل منقطع ہونے والی پائپ لائنوں کی مرمت کا کام شروع کیا گیا لیکن کریڑ کیلئے پائپ لائن پر کام تاحال شروع نہیں ہو سکا جس کے نتیجہ میں سینکڑوں گھرانے پینے کے پانی سے محروم ہیں جبکہ مذکورہ سکیم کے ٹھیکیدار محمد جاوید کے مطابق بارشوں اور سی پیک ٹھیکیداروں کی وجہ سے کام میں تاخیر ہو رہی ہے تاہم اگلے چند روز میں مسئلہ حل کر لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں