ہزارہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں لوگوں کی بھلائی کے کاموں کو ترجیح دیں، کمشنر ہزارہ

جمعہ 23 فروری 2018 09:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) کمشنر ہزارہ محمد اکبر خان نے ہزارہ ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ہر اس کام کو ترجیح دیں جو عام لوگوں کی بھلائی کے لئے ناگزیر ہوں، عوام الناس کے مفاد میں کئے جانے والے اقدامات کی میڈیا کوریج یقینی بنائی جائے تاکہ عوام ایسے اقدامات سے باخبر رہ کر ان سے مستفید ہو سکیں، ایبٹ آباد میں قائم ہزارہ کے ریجنل دفتر اطلاعات تمام ڈپٹی کمشنروں سے قریبی رابطہ رکھیں اور ہر ضلع کی سطح پر عوام کو ریلیف دینے سے متعلق سرکاری سرگرمیوں خصوصاً مختلف شعبوں میں خدمات کے نظام کے حوالہ سے خیبر پختونخوا حکومت کی اصلاحات کو موثر طور پر اجاگر کریں۔

یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں اضلاع کی سطح پر صوبائی حکومت کی پالیسیوں، اصلاحات اور اقدامات کی بروقت میڈیا کوریج یقینی بنانے کے لئے ڈپٹی کمشنروں اور ریجنل محکمہ اطلاعات کے درمیان رابطہ کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔

(جاری ہے)

کمشنر ہزارہ نے بتایا کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ہزارہ کے تمام اضلاع کی انتظامیہ نجی سطح پر عام لوگوں کے مسائل بلاامتیاز حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جن میں کھلی کچہریوں کا انعقاد، تجاوزات کا خاتمہ، معیاری اشیاء خوردونوش کی مقرر نرخوں پر دستیابی، کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کی بیخ کنی کے علاوہ تعلیم، صحت، مال اور پولیس جیسے شعبوں میں خدمات کے نظام کی درستگی اور فعالیت کی سرگرمیاں نمایاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی ان تمام کاوشوں کا فائدہ چونکہ عام لوگوں کے سوا کسی کو نہیں ہے، اس لئے عوام کو ان سے باخبر رکھنا بھی ہماری ذمہ داری میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ذمہ داری کو پورا کرنے کیلئے چیف سیکرٹری نے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور محکمہ اطلاعات کے مابین مسلسل رابطے اور ضلعی انتظامیہ کی عوام دوست سرگرمیوں کو میڈیا کے ذریعہ اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

محمد اکبر خان نے کہاکہ عوامی سطح پر بھی ڈپٹی کمشنروں کی کھلی کچہریوں، پرائس چیکنگ اور تجاوزات کے خاتمہ سے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے اس لئے ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات سے کہا کہ وہ ان اقدامات کے جواب میں میڈیا پر ظاہر ہونے والے عوام ردعمل سے بھی انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ انتظامیہ اپنی خامیوں کو درست کر سکے اور انتظامیہ کو اپنے اقدامات کی افادیت کا پتہ چل سکے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں