محکمہ خوراک ایبٹ آباد کا ضلع میں جعلی اشیاء خوردونوش بنانے والی فیکٹری اور گودام پر چھاپہ

جمعہ 23 فروری 2018 09:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) محکمہ خوراک ایبٹ آباد نے ضلع میں جعلی اشیاء خوردونوش بنانے والی فیکٹری اور گودام پر چھاپہ کے دوران غیر معیاری، زائد المعیاد اور مضر صحت اشیاء خوردونوش برآمد کر کے فیکٹری اور گودام کو سیل کر دیا، برآمد شدہ اشیاء خوردونوش کا معیار معلوم کرنے کیلئے ان کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر شاد محمود نے اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر عظمیٰ شاہ اور انسپکٹر پرستان خان کے ہمراہ نواں شہر میں پاپڑ بنانے والی ایک فیکٹری اور روزمرہ اشیاء خوردونوش کے ڈسٹری بیوٹرز کے ویئر ہائوس پر اچانک چھاپہ مارا۔ ڈی ایف سی کے مطابق فیکٹری میں جعلی پاپڑ بنائے جا رہے تھے جبکہ فیکٹری میں کوئی این او سی یا دیگر کوئی اجازت نامہ بھی موجود نہیں تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسی طرح ایک گودام میں موجود کھانے پینے کی اشیاء جن میں دودھ، پکانے کا تیل، جوس، پاپڑ، مصالحہ جات اور دیگر اشیاء شامل تھیں، کو زائد المعیاد اور غیر معیاری پایا گیا چنانچہ ڈی ایف سی نے تمام اشیاء قبضہ میں لیکر لیبارٹری بھجوا دیں جبکہ فیکٹری اور گودام کو سیل کر دیا۔ ڈی ایف سی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ان کے ارد گرد اس طرح کی جعلی اشیاء کی فیکٹریاں یا گودام اگر موجود ہوں تو وہ اس بارے میں ضلعی انتظامیہ کو ضرور آگاہ کریں تاکہ ان کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں