ہزارہ یونیورسٹی میں فیسوں اور دیگر مالی امور کو مزید بہتر بنایا جائے گا، وائس چانسلر

جمعہ 23 فروری 2018 09:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 فروری2018ء) نیشنل بینک آف پاکستان کے ریجنل ہیڈ اختر منیر نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ ریجنل ایگزیکٹو بزنس وقار علی اور منیجر نیشنل بنک ہزارہ یونیورسٹی برانچ عبد الرحیم بھی تھے۔ اس سلسلہ میں ہزارہ یونیورسٹی کی فیسوں اور دیگر مالی امور کے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ادریس نے اجلاس کی صدارت کی۔

اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید منظور حسین شاہ، رجسٹرار لیفٹیننٹ کمانڈر (ر) محمود خان، ٹریژرر خرم جمال، کنٹرولر امتحانات محبت خان بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر نے اجلاس کے شرکاء سے کہا ہماری بھرپور کوشش ہے کہ یونیورسٹی کے طلباء اور ریسرچرز کو معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، نیشنل بنک قومی بنک ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت میں اہم مقام رکھتا ہے، یونیورسٹی کے مالی امور زیادہ تر اس بینک کے ذریعہ ہی سرانجام دیئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ریجنل ہیڈ نے نیشنل بنک کی طرف سے یونیورسٹی کے افسران، اساتذہ، ملازمین، طلباء اور ریسرچرز کو بنک کی طرف سے فراہم کردہ سہولیات میں بہتری کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی اعلیٰ تعلیمی و تحقیقی ادارہ ہے، ہماری بھرپور کوشش ہے کہ اس سے منسلک تمام افراد کو معیاری سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پیش کئے گئے مختلف امور کے متعلق تفصیلات سے بتایا۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل بنک ہزارہ یونیورسٹی کے دو اکائونٹس کو آن لائن کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے گا جبکہ یونیورسٹی کے اندر اے ٹی ایم مشین بھی نصب کی جائے گی، یونیورسٹی کے ملازمین اور اساتذہ کو بینک پالیسی کے تحت لون کے حصول کے لئے بھی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ یوینورسٹی کی فیسوں اور امتحانی واجبات کی ری کانسیلیشن میں بہتری لائی جائے گی۔

ریجنل ہیڈ نے بتایا کہ بینک ڈیجیٹلائزیشن آف سروسز کی طرف تیزی کے ساتھ جا رہا ہے جس کے نہایت حوصلہ افزاء نتائج اخذ ہوںگے اور یونیورسٹیوں کی وصولیوں اور ادائیگیوں کے نظام میں درستگی اور بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی برانچ اب 9 بجے سے لیکر 5 بجے تک کھلی رہے گی جس سے یونیورسٹی کے وابستہ ملازمین، اساتذہ اور طلباء و طالبات کو سہولیات میسر ہوں گی اور وہ بنک میں ادائیگیاں اور وصولیاں کر سکیں گے۔

وائس چانسلر نے بنک کی یونیورسٹی برانچ کی موجودہ عمارت میں توسیع کے حوالہ سے بھی تجویز پر اتفاق کیا تاکہ بنک کی موجودہ عمارت میں توسیع کر کے اس کی کارکردگی اور فراہم کی جانے والی سہولیات سے یونیورسٹی کے وابستہ افراد مستفید ہو سکیں۔ شرکاء نے بنک کی توسیعی جگہ کا بھی معائنہ کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں