پولیس کا سرچ وارنٹ اورلیڈی پولیس کے بغیر گھر میں چھاپہ

اتوار 19 اگست 2018 16:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) ایبٹ آباد کے تھانہ مانگل پولیس کی جانب سے سرچ وارنٹ اورلیڈی پولیس کے بغیر گھر میں چھاپہ کے بعد غریب نوجوان پر ایک کین دیسی شراب کی برآمدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔متاثرہ نوجوان نے انصاف حصول کیلئے ڈی پی او ایبٹ آباد کو درخواست دی۔ڈی پی او نے ڈی ایس پی سرکل میرپور کو انکوائری کے احکامات جاری کئے ہیں۔

تھانہ مانگل سے ملحقہ ترہانہ غریباں کے رہائشی قیصر علی ولد شمریز نے ڈی پی او ایبٹ آباد کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ تھانہ مانگل میں تعینات اے ایس آئی نیازخان نے پولیس نفری کے ہمراہ ترہانہ غریباں میں واقع اس کے گھرمیں لیڈی پولیس اورسرچ وارنٹ کے بغیر چھاپہ مارتے ہوئے چادر اورچاردیواری کا تقدس پامال کیا۔

(جاری ہے)

گھر سے کچھ بھی نہ برآمد ہونے پر اے ایس آئی نیاز خان نے خانہ پری کیلئے تھانہ میرپور کی علت نمبر348میں ایک کین دیسی شراب کی برآمدگی کا مقدمہ درج کردیا۔

متاثرہ نوجوان نے آئی جی خیبرپختونخوا ،ڈی آئی جی ہزارہ اورڈی پی او ایبٹ آبادسے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ اوتھانہ مانگل اوراے ایس آئی کے خلاف فوری طورپر سخت کارروائی کرتے ہوئے اسے انصاف فراہم کیا جائے۔متاثرہ نوجوان کی جانب سے ڈی پی اوایبٹ آباد کو دی جانے والے درخواست پر ڈی پی او نے ڈی ایس پی میرپور کو انکوائری کے احکامات جاری کردئیے ہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں