ملک میں انتظامی بنیادوں پر چھوٹے یونٹس کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ، چیئرمین تحریک صوبہ ہزارہ باباحیدرزمان

اتوار 21 اکتوبر 2018 16:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2018ء) تحریک صوبہ ہزارہ کے چیئرمین بابا سردار حیدر زمان خان نے بستر مرگ پر بھی ہزارے وال قوم سے صوبہ ہزارہ کی جدو جہد تیز کرنے سمیت ہزارہ وال قوم سے ایک پلیٹ فارم پر متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ہسپتال میں تیمارداری کیلئے آنے والوں تحریک صوبہ ہزارہ کے رہنماؤں سلطان العارفین خان جدون ،شکیل انور انجم ،سجاد احمد کیانی ،سردار غلام محمد ،سردارخورشید انور اورسردار سلیم بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہزارے وال قوم کی بقاء اور آئندہ نسلوں کی ترقی کیلئے صوبہ ہزارہ کا قیام ضروری ہے۔

ملک میں انتظامی بنیادوں پر چھوٹے یونٹس کا قیام وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ،چھوٹے صوبے ہی ملک کے عوام کے مسائل کا واحد حل ہیں۔

(جاری ہے)

قائد تحریک صوبہ ہزارہ نے سلطان العارفین خان جدون کو ہدایت کی کہ تحریک صوبہ ہزارہ کا مشن ہزارہ بھر کے تمام علاقوں میں پہنچانے کیلئے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے ملک میں نئے صوبوں کے قیا م کے حوالے سے ہم خیال اوردیگر سیاسی جماعتوں سمیت اہم شخصیات سے رابطے تیز کئے جائیں۔

سردار حیدر زمان خان نے سیکرٹری جنرل سلطان العارفین خان جدون کی مشاورت کے بعد شکیل انور انجم کو دوبارہ تحریک صوبہ ہزارہ میڈیا سیل کا انچارج مقرر کیا ہے۔ اس موقع پر سردار حیدر زمان کی صحت یابی کیلئے دُعا کی گئی۔ایبٹ آباد میں ضلعی سیکرٹریٹ میں بابا حیدر زمان خان کی صحت یابی کیلئے قرآن خوانی کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں