عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین فرض ہے، پولیس ٹھوس اقدامات کی بدولت عوامی خدمت کو شعار بنائے، عباس مجید مروت

منگل 23 اکتوبر 2018 00:00

ْ ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید مروت نے تھانہ مانگل کا تفصیلی دورہ کیا۔ ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت نے زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا اور تفتیشی سٹاف کو صاف، شفاف اور غیر جانبدار تفتیش کے عمل اور میرٹ کو از حد ضروری قرار دیتے ہوئے مناسب ہدایات دیں۔ اس دوران تھانہ کا جملہ ریکارڈ چیک کیا اور تمام ریکارڈ کی تکمیل کے بارے میں ہدایات دیں۔

ضلعی پولیس سربراہ نے تھانہ مانگل کے دورہ کے دوران مال خانہ، کوت، میس، رہائشی بیرکس اور کمروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مناسب ہدایات جاری کیں۔ ایس ایچ او تھانہ مانگل اور دیگر سٹاف کو سائلین کے ساتھ بہتر رویہ رکھنے کے بارے میں ہدایات دیں۔

(جاری ہے)

ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے، اس سلسلہ میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کے حقوق کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کے ساتھ شفقت سے پیش آیا جائے۔

تھانہ میں آنے والے سائلین کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی ہر طرح سے داد رسی کو ممکن بنایا جائے، عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیے جائیں۔ انہوں نے منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے بارے میں بتایا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈائون میں بھرپور حصہ لیں اور ضلع کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں