ایبٹ آباد یونیورسٹی نے ہر طالب علم کیلئے سال کے دوران تین ماہ طلبہ کی عملی تربیت انٹرشپ کیلئے مختص کئے ہیں

یہ انٹرشپ مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و طالبات کیلئے انتہائی اہم اور ان کے مستقبل کیلئے بہت مفید ثابت ہو گی وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی کا شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے طلباء کی جانب سے نئے آنے والے طلبہ کے اعزاز میں پارٹی سے خطاب

منگل 23 اکتوبر 2018 00:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) ایبٹ آباد یونیورسٹی نے ہر طالب علم کیلئے ہر سال کے دوران تین ماہ طلبہ کی عملی تربیت انٹرشپ کیلئے مختص کئے ہیں تاکہ جب وہ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو کر جائے تو اس کے پاس عملی کام کا کم از کم ایک سال کا تجربہ ہو جس سے نہ صرف اسے ملازمت کے حصول میں آسانی ہو گی بلکہ اس کے ساتھ وہ ملک کیلئے ایک اثاثہ بن جائے گا، یہ انٹرشپ خصوصاً مینجمنٹ سائنسز کے طلباء و طالبات کیلئے انتہائی اہم اور ان کے مستقبل کیلئے بہت مفید ثابت ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے شعبہ مینجمنٹ سائنسز کے طلباء کی جانب سے نئے آنے والے طلبہ کے اعزاز میں دی گئی ویکم پارٹی سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ اس موقع پر سینئر افسران و اساتذہ بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے تقریب سے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ ہر سال انٹرشپ سے طلباء و طالبات کو اپنے مستقبل کے تعین کے حوالہ سے کافی فوائد کے ساتھ ساتھ ڈگری کے حصول سے قبل ہی ایسے صلاحیت مند طلبہ کو بہترین ادارہ اپنے پاس ملازمت دینے کیلئے رضامند ہو جاتے ہیں اور اس کی بنیادی وجہ صرف اور صرف یہی انٹرشپ ہوتی ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ اس سلسلہ میں ہمارے پاس پلاننگ موجود ہے جس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ایبٹ آباد یونیورسٹی کا مقابلہ کسی بھی مقامی یونیورسٹی سے نہیں بلکہ ہماری کوشش ہے ہم آپ کو دنیا کی بہترین جامعات کے طلبہ کے ہم پلہ بنائیں لیکن اس کیلئے محنت اور کام سے لگن کی ضرورت ہے، انہیں پوری امید ہے کہ آپ اپنے اس وقت کو انتہائی قیمتی تصور کرتے ہوئے اپنے روشن کل کیلئے بھرپور محنت کریں گے۔ انہوں نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں