ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا

پیر 12 نومبر 2018 14:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 نومبر2018ء) ٹریفک پولیس اہلکاروں کی غفلت کے باعث ایبٹ آباد میں شاہراہ ریشم پر ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا ہے۔ اس ضمن میں ایبٹ آباد کے شہریوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کا کوئی بھی اہلکار کسی چوک میں ڈیوٹی پر موجود نہیں ہوتا جس کی وجہ سے گذشتہ کئی روز سے شاہراہ ریشم پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

ایوب میڈیکل کمپلیکس تا سپلائی تک گاڑیوں کی قطاریں دیکھنے میں آ رہی ہیں جبکہ پی ایم اے چوک سے لیکر سبزی منڈی تک بھی یہی صورتحال ہے جس کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہو رہا ہے۔ شہریوں نے ٹریفک پولیس شدید کے اہلکاروں پر غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ایک عرصہ گذرنے کے باوجود سڑک کو کشادہ نہیں کیا جا سکا ہے، جتنی بھی حکومتیں آئی ہیں صرف دعوئوں تک ہی محدود رہی ہیں عملی طور پر کام کسی نے بھی کر کے نہیں دکھایا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مرکز اور صوبہ میں ایک ہی جماعت کی حکومت ہونے کی وجہ سے موجودہ حکومت ایبٹ آباد کے شہریوں کا یہ دیرینہ مسئلہ حل کر سکتی ہے، ایبٹ آباد کے شہری سڑک کشادہ نہ ہونے کی وجہ سے رل گئے ہیں اور پانچ منٹ کا سفر ایک گھنٹے میں طے ہوتا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں