ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید مروت نے تھانہ حویلیاں کاتفصیلی دورہ، زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا

جمعرات 22 نومبر 2018 11:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید مروت نے تھانہ حویلیاں کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا اور تفتیشی سٹاف کو صاف، شفاف اور غیر جانب دار تفتیش کے عمل او ر میرٹ کو از حد ضروری قرار دیتے ہوئے مناسب ہدایات دیں۔ اس دوران تھانہ کا جملہ ریکارڈ چیک کیا گیا، تمام ریکارڈ کی تکمیل کے بارے میں ہدایات بھی دیں۔

ضلعی پولیس سربراہ نے تھانہ حویلیاں کے دورہ کے دوران مالخانہ، کوت ، میس، رہائشی بیرکس اور کمروں کا تفصیلی معائنہ کیا اور مناسب ہدایات جاری کیں۔ ایس ایچ او تھانہ حویلیاں اور دیگر سٹاف کو سائلین کے ساتھ بہتر رویہ رکھنے کے بارے میں ہدایات دیں۔ ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے تمام افسران اور جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہمارا اولین فرض ہے، اس سلسلہ میں ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں، عوام کے حقوق کا خصوصی خیال رکھا جائے اور ان کے ساتھ شفقت سے پیش آیا جائے۔

(جاری ہے)

تھانہ میں آنے والے سائلین کو مناسب سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کی ہر طرح سے داد رسی کو ممکن بنایا جائے، عوامی مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔ انہوں نے منشیات فروشوں اور دیگر جرائم پیشہ افراد کے بارے میں بتایا کہ منشیات کے خلاف کریک ڈائون میں بھرپورحصہ لیں اور ضلع کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس موقع پر ضلعی پولیس سربراہ نے تھانہ حویلیاں میں آئے سائلین کی درخواستیں سنیں اور ایس ایچ او، محرر سٹاف اور دیگر عملہ کو ان پر جلد از جلد کارروائی کی ہدایات دیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں