آزادی کی قدر غلام قومیں ہی جانتی ہیں، بھارت میں 25کروڑ مسلمانوں کی جانیں اورعزتیں محفوظ نہیں ہیں، علامہ اقبال نے نوجوانوں کی خواب غفلت سے بیدار کیا، سابق آئی جی پولیس ذوالفقار احمد چیمہ کا تقریب سے خطاب

اتوار 9 دسمبر 2018 16:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) سابق آئی جی پولیس ذوالفقار احمد چیمہ نے کہاہے کہ غلامی بڑی لعنت اورآزادی اللہ کی طرف سے بڑا تحفہ ہے، آزادی کی قدر غلام قومیں ہی جانتی ہیں، بھارت میں 25کروڑ مسلمانوں کی جانیں اورعزتیں محفوظ نہیں ہیں۔ شاعرمشرق،مفکر پاکستان ڈاکٹر علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے مسلمانوں کو غلامی کی اندھیروں سے نکال پر آزادی کی روشنیوں میں لایا۔

علامہ اقبال نے نوجوانوں کی خواب غفلت سے بیدار کیا۔دور اندیش عظیم شاعر کی شاعری آج بھی نوجوانوں کیلئے مشعل راہ ہے مگر ہماری بدقسمتی ہے کہ آج کی نسل نے کتابوں کامطالعہ چھوڑ دیا ہے،اساتذہ اوروالدین کونوجوان نسل کواقبال کے فلسفہ سے روشناس کروانا ہوگا۔ وہ تعمیر وطن پبلک سکولز اینڈ کالجز ایبٹ آباد میں شاعرمشرق علامہ اقبال کی شخصیت کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں طلباء سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں تعمیر وطن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ملک محسن سعید نے ذوالفقار احمد چیمہ کو تعمیر وطن آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے طلباء کو ا پنا قیمتی وقت دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ ملائشیاء اورترقی کے لیڈروں نے اقبال کے فلسفہ فکر پر عمل کرکے اپنے ممالک کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میںکھڑ ا کردیا ہے مگر ہمارے ملک کی بدقسمتی ہے کہ ایک ڈکٹیٹر نے نصاب تعلیم سے علامہ اقبال کی نظمیں ختم کروادی ہیں۔

ہماری نوجوان نسل علامہ اقبال کے فلسفہ سے آشنا نہیں ہے ۔علامہ اقبال اسلام کی ایک ہزار سالہ تاریخ کے سب سے بڑے مفکر اورفلاسفر تھے۔انہوںنے کہا کہ علامہ اقبال کے زیادہ پیغامات نوجوانوں کے نام ہیں مگر آج کے دور کے نوجوان علامہ اقبال کے فلسفہ کو نظرانداز کرچکے ہیں۔اس موقع پر ذوالفقار احمد چیمہ نے طلباء سے علامہ اقبال کی شاعری کے حوالہ سے سوالات بھی کئے۔طلباء نے بھی علامہ اقبال کی شخصیت کے حوالہ سے ذوالفقار احمد چیمہ سے سولات کئے ۔سابق آئی جی موٹروے پولیس نے تعمیر وطن کے طلباء کی ذہانت کو سراہا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں