تربیت مکمل کرنے والے افسران حاصل کردہ مہارات سے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کا پولیس سکول آف انٹیلی جنس میں تربیت مکمل کرنے والے افسران کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب

جمعہ 14 دسمبر 2018 20:30

ایبٹ آباد۔ 14 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 دسمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ پولیس واحد پولیس فورس ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے اپنے سپاہی سے لیکر آئی جی پی تک جانوںکے نذرانے پیش کرتے ہوئے تاریخ رقم کی، تربیت مکمل کرنے والے افسران حاصل کردہ مہارات کو اپنی معمول کی کارروائی میں استعمال کریں تاکہ عوام کو مزید بہتر انداز میں جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

وہ جمعہ کو پولیس سکول آف انٹیلی جنس ایبٹ آباد میں تربیت مکمل کرنے والے افسران کی تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریننگ کسی بھی فورس کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، پہلے خطرہ سے باخبر رہنا کسی فورس کیلئے کامیابی کا باعث ثابت ہوتا ہے، پولیس سکول آف انٹیلی جنس اور کئی دیگر خصوصی تربیت کے ادارے قائم کرنے پر سابق آئی جی خیبر پختونخوا ناصر خان درانی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سکول کی ترقی اور معیار کو شاندار اور مثالی قرار دیتے ہوئے سکول کے ڈائریکٹر چوہدری اشتیاق سہیل وڑائچ اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے افسران کو اسناد تقسیم کیں اور اس توقع کا اظہار کیا کہ تربیت مکمل کرنے والے افسران حاصل کردہ مہارات کو اپنی معمول کی کاروائی میں استعمال کریں گے تا کہ عوام کو مزید بہتر انداز میں جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں