محکمہ صحت سے ایبٹ آباد کی پانچ بی ایچ یوز کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے 50 لاکھ کا فنڈ منظور کروا لیا ہے، مومنہ باسط

ہفتہ 15 دسمبر 2018 19:20

ایبٹ آباد۔ 15 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 دسمبر2018ء) تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی چیئرپرسن سٹینڈنگ کمیٹی زکوٰة، عشر و سوشل ویلفیئر اینڈ وویمن امپاورمنٹ مومنہ باسط نے محکمہ صحت سے ضلع ایبٹ آباد کی پانچ بی ایچ یوز کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے 50 لاکھ روپے کا فنڈ منظور کروا لیا ہے جس پر جلد ہی کام شروع کر دیا جائے گا۔ رکن صوبائی اسمبلی مومنہ باسط نے ہزارہ بھر میں موجود بی ایچ یوز میں بہتر سہولیات اور ان کی مرمت کیلئے سمری جمع کروائی تھی جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے محکمہ صحت نے صوبائی وزیر صحت کی ہدایات کی روشنی میں پانچ بی ایچ یوز کیلئے ابتدائی طور پر 50 لاکھ روپے منظور کئے ہیں۔

مومنہ باسط نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان پانچ بی ایچ یوز کے بعد دیگر رہ جانے والی بی ایچ یوز کیلئے بھی فنڈ جلد منظور کروایا جائے گی جن بی ایچ یوز کیلئے فنڈز منظور ہوئے ہیں، ان میں بی ایچ یو یونین کونسل میرپور، بی ایچ یو یونین کونسل کٹھوال، بی ایچ یو بوڈیا یونین کونسل مجہوہاں، بی ایچ یو کالو میرا یونین کونسل جھنگڑا اور بی ایچ یو بھروال، یونین کونسل لنگرا ضلع ایبٹ آباد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے مومنہ باسط پی ٹی آئی ویمن ونگ ہزارہ ڈویژن کی صدر بھی رہیں اور ہزارہ سے مخصوص نشستوں پر ایم پی اے منتخب ہوئی ہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں