خیبر پختونخوا حلال فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی ایبٹ آباد نے گذشتہ 9 ماہ کی رپورٹ جاری کر دی

خوراک کے 4211 مراکز کا معیار چیک کیا گیا، غیر معیاری اشیائے خوردنی کی فروخت پر 183 مراکز کو سیل کیا گیا

پیر 21 جنوری 2019 21:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2019ء) خیبر پختونخوا حلال فوڈ اینڈ سیفٹی اتھارٹی ایبٹ آباد نے گذشتہ 9 ماہ میں ریستوران، ہوٹلوں، چائے خانوں، غذائی اشیاء کی دکانوں، بیکریوں اور فوڈ فیکٹریوں سمیت خوراک کے 4211 مراکز پر چھاپے مار کر خوردنی اشیاء کا معیار چیک کیا اور ناقص، غیر معیاری اور زائد المیعاد اشیائے خوردنی کی فروخت پر کھانے پینے کے 183 مراکز کو سیل کیا گیا۔

ناقص اشیائے خوردنی کی موجودگی اور فروخت پر مجموعی طور پر ایک کروڑ روپے جرمانہ وصول کر کے قومی خزانہ میں جمع کرا دیا۔ یہ تفصیلات حلال فوڈ اتھارٹی ایبٹ آباد کی سال 2018ء کی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں ظاہر کی گئیں جو اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر عدیل نعمان نے سوموار کو جاری کی۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گذشتہ سال 111 بیکریوں، 291 ہوٹلوں و ریستورانوں اور 283 سکولوں کی ٹک شاپس کی چیکنگ کے دوران اشیائے خوردنی کا معیار چیک کیا گیا اور ان سے کھانے پینے کی مشکوک اور غیر تسلی بخش اشیاء کے 283 نمونے حاصل کر کے تجزیہ کیلئے لیبارٹری بھجوائے گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گذشتہ سال سینکڑوں دکانوں اور غذائی مراکز سے تقریباً 20 ہزار کلو گرام ناقص، ملاوٹ شدہ اور ناقابل استعمال غذائی اشیاء بھی قبضہ میں لیکر تلف کی گئیں۔ اس دوران بعض دکانداروں کو اشیائے خوردنی کا معیار اور صحت و صفائی کی حالت بہتر بنانے کیلئے مہلت دی گئی اور اتھارٹی کی ہدایا ت پر عمل کر کے اپنا معیار بہتر بنانے والے دکانداروں کو حوصلہ افزائی کے طور پر نقد انعامات دیئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق گذشتہ سال غذائی مراکز پر کام کرنے والے فوڈ ورکروں کیلئے آگاہی مہم کے تحت کھانے پینے کی اشیاء اور صفائی کا معیار بہتر بنانے کیلئے تربیتی کلاسوں کا اہتمام کیا گیا اور 200 سے زائد ورکروں کو تربیت فراہم کی گئی جبکہ سکولوں اور دیگر تعلیمی اداروں کے اندر طلبہ، اسا تذہ اور ٹک شاپس مالکان کیلئے 50 سے زائد آگاہی سیمینار بھی منعقد کر کے معیاری اور محفوظ خوراک خرید کر استعمال کرنے کی معلومات فراہم کی گئیں۔ فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی ہدایت پر غذائی اشیاء میں ملاوٹ کرنے اور غیر معیاری اشیاء خوردنی تیار اور فروخت کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا اور ہفتہ وار چھٹیوں اور شام کے اوقات میں بھی چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں