ضلع کونسل ایبٹ آباد کا ضلعی نائب ناظم و کنوینئر کامران گل ایڈووکیٹ کی زیر صدارت اجلاس

پولیو مہم کے دوران پولیو ویکسین سے بچوں کی اموات یا دیگر امور سے متعلق تمام افواہیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، کوآرڈینیٹر ای پی آئی ڈاکٹر اسامہ کی ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ممبران ضلع کونسل کو تفصیلی بریفنگ

جمعہ 26 اپریل 2019 10:05

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ضلع کونسل ایبٹ آباد کا اجلاس ضلع کونسل ہال میں ضلعی نائب ناظم و کنوینئر کامران گل ایڈووکیٹ کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ای پی آئی کوآڈینیٹر ڈاکٹر اسامہ نے پولیو سے متعلق ممبران ضلع کونسل کو تفصیل سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ پولیو مہم کے دوران پولیو کے قطروں سے بچوں کی اموات یا دیگر امور سے متعلق تمام افواہیں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں، پولیو کے قطروں میں کسی قسم کے ایسے عناصر موجود نہیں ہیں جس سے ایسے واقعات پیش آئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان من گھڑت افواہوں کی وجہ سے بعض والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے کترا رہے ہیں تاہم باشعور والدین پولیو کے خلا ف منفی پراپیگنڈہ سے وا قف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ تمام یونین کونسلوں کے ڈاکٹرز متعلقہ یونین کونسلوں کے ناظمیں کو پولیو سے انکاری بچوں اور ان کے والدین کی مکمل تفصیل دیں گے جس پر متعلقہ یونین کونسلوں کے ناظمین ہماری پولیو ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے ان انکاری بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر آمادہ کریں۔

انہوں نے پولیو کا مرض پھیلنے کے اسباب بھی تفصیل سے بیان کئے۔ ضلع ناظم ایبٹ آباد کرنل (ر) سردار شبیر نے ضلع کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہیں، عوام کی فلاح و ترقی اور بچوں کی صحت کی حفاظت کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی ایسا شخص عوامی نمائندگی کا اہل نہیں ہو سکتا جو اپنے عوام کی فلاح اور ترقی کیلئے کام نہیں کرتا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ تما م ممبران ضلع کونسل اپنے اپنے حلقوں اور یونین کونسلوں میں پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے انکاری بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں گے۔ انہوں نے تمام ممبران ضلع کونسل کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ضلع سے پولیو کے خاتمہ کیلئے اپنی اپنی یونین کونسلوں میں پانچ سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں سے بھرپور تعاون کرتے ہوئے پولیو مہم کو کامیاب بنائیں اور تمام انکاری بچوں کے والدین کے پاس جائیں اور انہیں بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر آمادہ کریں۔

اجلاس کی سابق کارروائی کی توثیق کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کونسل کی جائیداد، بوئی ڈیم اور دکانات کے حوالہ سے اجلاس میں بحث بھی کی گئی جبکہ اجلاس میں مختلف یو نین کو نسلو ں کے ممبرا ن ضلع کو نسل نے اپنی اپنی قراردادیں بھی پیش کیں۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں