ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور بروقت طبی امداد نہ ملنے سے مریض جاں بحق

جمعہ 26 اپریل 2019 10:05

ایبٹ آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2019ء) ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت اور بروقت طبی امداد نہ ملنے سے مریض جاں بحق ہو گیا۔ متوفی کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے شدید ہنگامہ آرائی کی۔ ہسپتال کی سیکورٹی اہلکاروں نے متوفی لواحقین پر بدترین تشدد کیا، نعش شاہراہ ریشم پر رکھ کر لواحقین نے شدید احتجاج کیا۔

سڑک بلاک ہونے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔ ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بیرن گلی میں خالد نامی شخص کو دل کا دورہ پڑا، مریض کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال لایا گیا۔ خالد کے لواحقین کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹروں نے مریض کو بروقت طبی امداد نہ دی جس پر مریض ہسپتال میں جاں بحق ہو گیا۔ مریض کے لواحقین نے ڈاکٹرز کی غفلت پر شدید احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

احتجاج کرنے والے لواحقین پر ہسپتال کی سیکورٹی اہلکاروں نے حملہ کر کے انہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس سے پانچ افراد زخمی ہو گئے، حالات کشیدہ ہونے پر پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی۔ لواحقین نے تشدد اور ڈاکٹروں کی غفلت پر احتجاج کرتے ہوئے نعش شاہراہ ریشم پر رکھ کر احتجاج کیا۔ پولیس نفری نے مظاہرین کو منتشر کر کے شاہراہ ریشم ٹریفک کیلئے بحال کی۔ آخری اطلاعات آنے تک متوفی کے لواحقین ہسپتال سے نعش لے جانے سے انکاری ہیں۔ مظاہرین غفلت کے مرتکب ڈاکٹروں اور تشدد کرنے والے سیکورٹی اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں