پیپر آئوٹ سکینڈل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کا تعلیمی بورڈ کے پاس کوئی میکانزم نہیں

ہم نے مشکوک افراد کے نام فائنل کر کے انہیں ایف آئی اے کے حوالہ کر رہے ہیں۔ چیئرپرسن ڈاکٹر شائستہ ارشاد

ہفتہ 18 مئی 2019 19:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2019ء) ایبٹ آباد تعلیمی بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر شائستہ ارشاد نے کہا ہے کہ پیپر آئوٹ سکینڈل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کرنے کا بورڈ کے پاس کوئی میکانزم نہیں، بورڈ کی ابتدائی انکوائری کے مطابق امتحانی عملہ میں سے بعض مشکوک افراد کو آئندہ چند روز میں ایف آئی اے کے حوالہ کر رہے ہیں تاکہ مخصوص طریقہ کار اور دستیاب وسائل کی مدد سے پیپر آئوٹ سکینڈل میں ملوث اصل ملزم تک رسائی حاصل کر کے اسے کیفرکردار تک پہنچا سکیں۔

یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بورڈ کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے پیپر آئوٹ سکینڈل میں بورڈ کی اندرونی مداخلت کو قطعی طور پر خارج از امکان قرار دیتے ہوئے بیرونی طرف سے ہونے والی اس غیر قانونی حرکت میں ملوث اصل محرک کو بے نقاب کرنے کیلئے کیس قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالہ کرنے کی سفارش کی تھی جس کی روشنی میں ہم نے امتحانی عملہ میں شامل چند مشکوک نام فائنل کر لئے جو آئندہ چند روز میں ایف آئی اے کے حوالہ کر کے مزید تحقیقات کے ذریعہ اصل ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کیس ایف آئی اے کے حوالہ اس لئے کیا جا رہا ہے کہ اس تحقیقاتی عمل میں کمپیوٹر، موبائل ڈیٹا وغیرہ کے ذریعہ باریک بینی سے چھان بین کرنی ہے جس کا بورڈ متحمل نہیں ہو سکتا اور نہ ہی بورڈ کے پاس ایسے پیشہ وارانہ ماہرین اور ٹیکنالوجی موجود ہے کہ بورڈ پرچہ آئوٹ کرنے میں ملوث کرداروں کا سراغ لگا سکے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں