ادارہ تدریس القرآن یتیم خانہ ایبٹ آباد میں انجمن اتحاد شہریاں کے زیر اہتمام بچوں کے ساتھ افطار ڈنر کا انعقاد

الله کی خوشنودی کیلئے ان بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا معاشرہ کے ہر فرد اور مخیر حضرات کی ذمہ داری ہے، مقررین کا خطاب

منگل 21 مئی 2019 11:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) ادارہ تدریس القرآن یتیم خانہ ایبٹ آباد میں انجمن اتحاد شہریاں کے زیر اہتمام بچوں کے ساتھ افطار ڈنر کا انعقاد کیا گیا۔ افطارڈنر میں انجمن اتحاد شہریاں ملک سجاد، سابق چیف کنزرویٹر ہزارہ جاوید ارشد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید عنصر قیوم، چیئر مین ادارہ تدریس القرآن ملک ساجد اعوان، انجمن اتحاد شہریاں کے جنرل سیکرٹری یاسر مغل، راجہ عابد کیانی، تاجر رہنما تنویر الٰہی، حکیم شیخ خالد عظمت، علی قریشی اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں یتیم بچوں کی بغیر حکومتی سرپرستی کے کفالت کرنے پر ادارہ کے منتظمین کی خدمات کو سراہتے ہوئے مقررین نے کہا کہ الله رب العزت کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ان بچوں کے سر پر دست شفقت رکھنا معاشرہ کے ہر فرد اور مخیر حضرات کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ادارہ تدریس القرآن یتیم خانہ ایبٹ آباد کا قیام پاکستان سے قبل کیا گیا اور بچوں کی کفالت، معیاری تعلیم کے ساتھ دیگر ضروریات احسن انداز میں پوری کرنے میں کوشاں ہے جو قابل تحسین ہے۔

(جاری ہے)

صدر انجمن اتحاد شہریاں ملک سجاد نے کہا کہ ہر سال کی طرح ماہ مبارک میں ادارہ تدریس القرآن یتیم خانہ میں افطار ڈنر کا اہتمام بچوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، پدری شفقت سے محروم ان بچوں کو احساس دلانا ہے وہ اکیلے نہیں ہے، انجمن اتحاد شہریاں کے پلیٹ فارم سے ان کی ضروریات کو یقینی بنانے اور عوام الناس میں شعور اجاگر کرنے کیلئے جدجہد جاری رہے گی۔

تقریب میں سابق چیف کنزرویٹر ہزارہ جاوید ارشد نے کہا کہ انجمن اتحاد شہریاں خراج تحسین کا مستحق ہے جن کی وساطت سے آج یہاں شریک ہو کر روحانی اطمینان حاصل ہوا ہے۔ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر سید عنصر قیوم نے کہا کہ اس سے قبل اس ادارہ سے لاعلم تھے، یتیم بچوں کیلئے فلاحی کاموں میں بساط سے بڑھ کر کوشش کریں گے۔ ادارہ تدریس القرآن یتیم کے چیئرمین ساجد اعوان نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے قبل قائم ہونے والے اس ادارہ کو مخیر حضرات کے تعاون سے چلایا جا رہا ہے، ایگزیکٹو اور بورڈ ممبران بچوں کی کفالت کرنے کیلئے بے لوث خدمت پر گامزن ہیں، ہر سال کی طرح 25 رمضان المبارک کو ایک چیرٹی افطار ڈنر کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ایبٹ آباد کے عوام اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، یہاں ممبر سازی بھی کی جاتی ہے، خواہشمندوں کیلئے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر سے آنے والے بچوں کو دنیاوی تعلیم کے ساتھ دینی تعلیم بھی دی جاتی ہے، بچوں کیلئے بہترین رہائش اور عمدہ کھانے کی سہولت میسر ہے اور میڑک کے بعد ہونہار بچوں کو اعلیٰ تعلیم کیلئے بھی مواقع فراہم کئے جاتے ہیں تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن کر ملک و قوم کی خدمت کے قابل ہو سکیں اور انہیں کسی بھی قسم کی احساس محرومی کا سامنا نہ ہو۔ اس موقع پر انجمن اتحاد شہریاں کی جانب سے بچوں میں تحائف تقسیم کئے گئے اور شرکاء نے بچوں میں تحائف تقسیم کر کے افطاری بھی کی اور انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں