اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم 2019ء۔ ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کے زیر انتظام آگاہی اور رہنمائی مہم زور شور سے جاری

اتوار 16 جون 2019 21:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2019ء) وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ اثاثے ظاہر کرنے کی سکیم 2019کے سلسلہ میں ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کے زیر انتظام آگاہی اور رہنمائی مہم زور شور سے جاری ہے ۔ اس ضمن میں ایبٹ میں واقع ریجنل ٹیکس آفس کے استقبالیہ پر ایک خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے جہاں ٹیکس گزاروں کو سکیم سے متعلق ہر قسم کی رہنمائی اور خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔

ایڈیشنل کمشنر انکم ٹیکس محمد آصف کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز کے مطابق چیف کمشنر انکم ٹیکس ہزارہ ریجن کی جانب سے سکیم سے فائدہ اٹھانے والے افراد کی سہولت کے لئے کمشنر ان لینڈ ریو نیو ، محی الدین اسماعیل کی سربراہی میںایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو ایبٹ آباد ، ہریپور اور مانسہرہ میں سکیم سے متعلق رہنمائی اور سہولیات فر اہم کرنے کے لئے تاجروں، وکلاء، سرمایہ کاروں ، صنعت کاروں کی تنظیموں ، انکم ٹیکس مشیروں اور دیگر متعلقہ افراد سے ملاقاتوں اورمشاورت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ سکیم سے متعلق معلومات اور رہنمائی گھرگھر پہنچانے کے لئے میڈیا پر بھر پور تشہیری مہم بھی چلائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ریجنل ٹیکس آفس کی پریس ریلیز کے مطابق ملک کے وہ تمام شہری جو کسی بھی قسم کے غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات (ماسوائے زیورات وغیرہ ) کے مالک ہیں جو انہوں نے آج تک ظاہر نہیں کئے وہ اس سکیم کے تحت نہایت معمولی شرح سے ٹیکس ادا کر کے ظاہر کر سکتے ہیں۔ یہ سکیم جہاں ملک کو اقتصا دی بحران سے نکالنے میں مدد دے گی وہاں لوگوں کو اپنے ضمیر کے بوجھ سے آزاد ہونے کا سنہری موقع بھی فراہم کرے گی اور سکیم سے سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین اور ارکان اسمبلی کے سوا تمام افراد ا 30جون2019تک فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

پریس ریلیز میں ریجنل ٹیکس آفس کی جانب سے یاد دلاتے ہوئے خبردار کیا گیا ہے کہ یکم جولائی 2019سے ایسے تمام افراد (جن کے اثاثہ جات کی مختلف ذرائع سے حاصل کردہ مکمل معلومات محکمہ کے پاس موجود ہیں) جو اس سکیم کے تحت اپنے خفیہ اثاثے ظاہر نہیں کر یں گے، ان کے خلاف بے نامی جائیدادوں اور آمدنی کے مروجہ قوانین کے تحت بھر پور کاروائی کا آغاز کر دیا جائے گا جس میں جائیداد کی ضبطگی اور سات سال تک قید کی سزا شامل ہے۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ سکیم سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مند افراد معلومات، رہنمائی اور خدمات کے لئے ریجنل ٹیکس آفس ایبٹ آباد کے مرکزی دفتر یا ہری پور اور مانسہرہ کے دفاتر میں جاکر یا بذریعہ فون نمبر 0992-9310434پر رابطہ کرسکتے ہیںاور اس کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ویب سائیٹ www.fbr.gov.pkپر بھی متعلقہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں