کسی کو بھی ریاست کے خلاف جتھے بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام زردا ری اور نواز شریف کو مسترد کر چکے ہیں مشتاق غنی

پیر 21 اکتوبر 2019 11:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) سپیکر خیبر پختو نخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا ہے کہ کسی کو بھی ریاست کے خلاف جتھے بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، عوام زردا ری اور نواز شریف کو مسترد کر چکے ہیں، عنقریب مہنگائی پر قابو پا لیا جائے گا، عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، ملک کی ترقی اور قرضوں سے نجات کیلئے صاحب ثروت لوگوں کو اب ہر حال میں ٹیکس دینا ہو گا۔

جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایبٹ آباد کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، آئندہ 20 سے 25 دنوں تک ہزارہ ایکسپریس وے عوام کیلئے کھول دی جائے گی، آئندہ مارچ تک حویلیاں سے دھمتوڑ تک بائی پاس بھی آپریشنل ہو گا تاکہ ایبٹ آباد شاہراہ ریشم پر ٹریفک کے بوجھ کو کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 6 کروڑ روپے کی لاگت سے ایبٹ آباد میں میوزیم کا کام بھی اپنے آخری مراحل میں ہے، 1122 کا دائرہ پورے صوبہ تک پھیلایا جائے گا اور ایبٹ آباد میں مزید اس کے سٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا تاکہ عوام کو فوری ایمرجنسی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ مشتاق غنی نے کہا کہ ہم پر سلیکٹڈ کے الزامات لگانے والوں کو خود اپنے گریبانوں میں جھانکنا چاہئے کیونکہ آج ملک کی جو صورتحال ہے وہ زرداری اور نوازشریف حکومتوں کی نااہلی کی وجہ سے عوام اس کی سزا بھگت رہے ہیں، ہمارے لئے بھی بہت سے راستے موجود تھے لیکن عمران خان اس ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کا تہیہ کر چکے ہیں اور اس کے اثرات اب عوام کے سامنے آنا شروع ہو چکے ہیں اور جلد یہ تمام ثمرات عوام تک منتقل کر دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا دھرنا چار حلقے کھولنے کے حوالہ سے تھا، مولانا صاحب سمیت اپوزیشن جماعتیں یہ بتائیں کہ وہ دھرنا کس مقصد کیلئے دے رہے ہیں، قانون کے دائرے کے اندر رہتے ہوئے ہر ایک کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن جس کسی نے بھی قانون شکنی کی اور ریاست سے ٹکرانے کی کوشش کی تو ریاست اتنی کمزور نہیں ہے، ریاست سے کوئی نہیں ٹکرا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو بیرونی اور اندرونی بہت سارے چیلنجز کا سامنا ہے اور عمران خان کی قیادت میں حکومت ان چیلنجز سے نمٹتے ہوئے اس ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے میں ضرور کامیاب ہو گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں