تعلیمات قرآن اور سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے، ثاقب رضا مصطفائی

پیر 21 اکتوبر 2019 11:25

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) ممتاز عالم دین علامہ ثاقب رضا مصطفائی نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں تعلیمات قرآن اور سیرت النبیؐ پر عمل پیرا ہو کر امت مسلمہ دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتی ہے، والدین پر فرض ہے وہ اپنے بچوں کو اسلامی تعلیمات پر مکمل دسترس دلوائیں تاکہ وہ آنے والے دور کا بہتر طور پر مقابلہ کر سکیں۔

وہ مدرسہ جامعہ رضویہ مہریہ حسن ٹائون ایبٹ آباد کی سالانہ دستار فضیلت و مقام اہل بیت کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید حسین الدین شاہ نے کی۔ کانفرنس سے مفتی حنیف قریشی، مفتی نذیر قریشی، سید عارف حسین شاہ اویسی، پیر سید کمال حسین شاہ اور امتیاز حسین شاہ نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں منہاج القرآن کی ضلعی تنظیم احسان الحق کی سربراہی میں موجود تھی۔

(جاری ہے)

دیگر مذہبی جماعتوں کے علماء کرام اور سیاسی عمائدین کے نمائندہ افراد بھی موجود تھے۔ علامہ ثاقب رضا مصطفائی نے کہا کہ دامن مصطفیؐ، صحابہ کرام اور اہل بیت ہمارے بخشش کا بہترین ذریعہ محشر میں ہوں گے، آپ عشق رسولؐ پر عمل کرتے ہوئے نماز پنجگانہ اور نماز تہجد کی پابندی کریں۔ انہوں نے حاضرین سے عہد لیا کہ وہ آئندہ اس پر مکمل عمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ ٹیکنالوجی کے دور میں تزکیہ نفس اور تصفیہ باطن کی اشد ضرورت ہے، امت اس وقت سخت مشکلات کا شکار ہے، اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے اسلامی تعلیمات کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالنا ہو گا اور اجتماعی درود شریف کے حلقہ جات بنائیں جائیں اور وقت کے تعین کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر درود شریف کا خصوصی اہتمام کیا جائے جس کی خصوصی برکات گھروں اور ملک میں اثر انداز ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیرت النبیؐ، اہل بیت اور صحابہ کرام رضوان اجمعین کی زندگیوں کو اپنانا ہو گا، امت مسلمہ پیار، محبت اور اپنے عمل سے غیر مسلموں کو دعوت دیں تاکہ پوری دنیا میں کلمہ طیبہ کی دعوت کو عام کیا جا سکے۔ آخر میں مہمانان گرامی نے مدرسہ سے فارغ التحصیل 16 طلبہ کی دستار بندی کی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں