معاشرے میں کھیل کود کی بہت بڑی اہمیت ہے، کھلاڑی بھرپور طریقہ سے کھیلوں میں حصہ لیں، ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد

بدھ 19 فروری 2020 22:00

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 فروری2020ء) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد محمد مغیث ثناء الله نے کہا ہے کہ جن قوموں کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں، معاشرے میں کھیل کود کی بہت بڑی اہمیت ہے، کھلاڑی بھرپور طریقہ سے کھیلوں میں حصہ لیں اور اپنے دوستوں میں بھی کھیلوں کی اہمیت کے حوالہ سے شعور اور آگاہی پیدا کریں۔

وہ بدھ کو ہاکی سٹیڈیم ایبٹ آباد میں ڈائریکٹوریٹ آفس سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیراہتمام انڈر 21 انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلوں کا افتتاح اور اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ریجنل سپورٹس آفیسر سید ثقلین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد، سابق ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر وسیم فضل، ضلع ایبٹ آباد کی چاروں تحصیلوں ایبٹ آباد، حویلیاں، لورہ اور لوئر تناول کے کھلاڑیوں کے علاوہ عام شائقین بھی کثیر تعداد میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

انڈر 21- انٹر تحصیل کھیلوں کے مقابلوں میں نو مختلف کھیل کھیلے جائیں گے جو دو روز جاری رہیں گے، ان کھیلوں میں فٹ بال، ہاکی، والی بال، رسہ کشی ،بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، کبڈی اور دیگر کھیل شامل ہیں۔ دو روزہ انڈر 21- انٹر تحصیل کھیلوں کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت کھیلوں کے فروغ اور ترقی کیلئے کوشاں ہے اور انڈر 21- مقابلے اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ انٹر تحصیل مقابلوں کے فوراً بعد انٹر ڈسٹرکٹ اور انٹر ریجنل سپورٹس مقابلے بھی شروع ہوں گے، آج سے صوبہ خیبر پختونخوا کی 127 تحصیلوں میں انٹر تحصیل مقابلوں کا آغاز ایک ساتھ ہو چکا ہے جو پورے صوبہ میں دو دن تک جاری رہیں گے جس میں 2700 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل، ضلع اور ریجن کے مقابلوں کے بعد صوبائی سطح پر کھیلوں کے مقابلے منعقد کئے جائیں گے جن میں صوبائی حکومت نے کھلاڑیوں کیلئے پرکشش مراعات بھی رکھی ہیں جن میں کیش انعامات کے علاوہ تعلیمی سکالرشپ بھی کھلاڑیوں کو فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں