وباء کا واحد حل سماجی دوری اور احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہے ، ڈی پی او ایبٹ آباد

جمعہ 5 جون 2020 22:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2020ء) ڈسٹرکٹ پو لیس آفیسر ایبٹ آباد جاوید اقبال وزیر نے کہا ہے کہ گذشتہ چار ماہ سے پوری دنیا کورونا جیسی وباء سے گذر رہی ہے جس کی آج تک کوئی ادویہ یا ویکسین تیار نہیں ہو سکی، اس وباء کا واحد حل سماجی دوری اور احتیا طی تدابیر پر سختی سے عمل کرنا ہے، اس وباء کے بچائو کیلئے پوری دنیا میں لاک ڈائون کیا گیا، ترقی یافتہ ممالک میںلاک ڈائون کے دوران عوام کو سہولیات کی فراہمی گھروں تک حکومتوں نے مہیا کی لیکن ہماری طرح غریب ممالک میں ایسا نہ ہو سکا اور مزید لاک ڈائون کرنا مشکل تھا جس کی بدولت حکومت نے لاک ڈائون میں نرمی کا اعلان کرتے ہوئے ساتھ ہی احتیاطی تدابیر اور ایس اوپیز جاری کیں تاکہ عوام کو اس وباء کے پھلائو سے بچایا جا سکے جس کے تحت ٹرانسپورٹ کیلئے باقاعدہ الگ سے ایس او پیز بنائیں گی جس کے تحت نو فیس ماسک نو پٹرول، نو ماسک نو سی این جی، نو ماسک نو ٹکٹ مہم شروع کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

وہ جمعہ کو پولیس لائن ایبٹ آباد میں ٹرانسپورٹ میں کورونا سے بچائو کی احتیاطی تدابیر کے حوالہ سے اڈہ مالکان، پٹرول و سی این جی منیجرز اور دیگر کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایس پی ٹریفک وارڈن طارق خان، تحصیل ریگولیشن آفیسر مظہر اعوان، سیکرٹری آر ٹی اے سعید الرحمن نے کہا کہ کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کے حوالہ سے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کورونا کے پھیلائو کو روکنے کیلئے نو ماسک نو پٹرول کی مہم شروع کر دی گئی ہے اور ڈی آئی جی ہزارہ رینج قاضی جمیل الرحمن نے حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کے احکامات دیئے ہیں۔ انہوں نے ضلع بھر کے اڈہ مالکان ایسوسی ایشن کے صدور کو اعتماد میں لیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور کسی پبلک ٹرانسپورٹ بس، ویگن، سوزکی اور موٹر کار، موٹر سائیکل سوار اور گاڑیوں میں بیٹھنے والے مسافر ماسک کے استعمال پر سختی سے عمل کری اور ماسک کے بغیر کسی کو پٹرول، ڈیزل اور سی این جی نہ دیا جائے۔

ایس پی ٹریفک وارڈن طارق خان نے کہا کہ اگر کوئی ان ہدایات پر عمل نہیں کرے گا تو اس گاڑی اور اڈہ کو سیل کر دیا جائے گا، انتظامیہ کی جانب سے کورونا سے بچائو کیلئے مختلف مقامات پر سینی ٹائزر لگائے گئے ہیں اور جہاں رہ گئے ہوں وہاں اڈہ مالکان اور پیٹرول پمپ مالکان اس کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور شہری اس کو سنجیدہ نہیں لے رہے جس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

ٹی او آر مظہر اعوان نے اڈہ مالکان کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اڈہ جات کے مسائل حل کریں گے کیونکہ یہ مشکل وقت ہے، 2020ء کاروبار کرنے کا سال نہیں بلکہ جان بچانے کا وقت ہے، اس حوالہ سے مختلف اڈہ جات اور پٹرول پمپ پر آگائی بینرز بھی لگائیں جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں