ایبٹ آباد میں بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ انتقال کر گئے

ساتویں بچے کی حالت بھی تشویشناک ہے، بچے کا موجودہ وزن ایک کلو ہے۔ترجمان ایوب ٹیچنگ اسپتال

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 26 اکتوبر 2021 11:03

ایبٹ آباد میں بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ انتقال کر گئے
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2021ء) ایبٹ آباد میں بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ انتقال کر گئے ہیں۔ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع ایبٹ آباد کے نجی اسپتال میں بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ انتقال کر گئے ہیں۔ایوب ٹیچنگ اسپتال کے ترجمان کا کہنا ہے سات میں سے چھ بچے فوت ہو گئے ہیں جب کہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے کا موجودہ وزن ایک کلو ہے۔ایوب ٹیچنگ اسپتال میں بچے کو تمام تر ضروری سہولیات دی جا رہی ہیں۔یہاں واضح رہے کہ چند روز قبل قدرت کا کرشمہ ہوا تھا۔ ایبٹ آباد میں خاتون کے ہاں ایک ساتھ 7 بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ بتایا گیا کہ خیبرپختونخواہ کے ضلع ایبٹ آباد میں واقع ایک نجی ہسپتال میں اللہ نے خاتون کو ایک ساتھ 7 بچوں سے نواز دیا۔

(جاری ہے)

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایبٹ آباد کے نجی ہسپتال میں 34 سالہ خاتون کے ہاں 7 بچوں کی پیدائش ہوئی، پیدائش کے بعد ڈاکٹرز نے خاتون اور تمام بچوں کو صحت مند قرار دیا۔ بتایا گیا کہ نومولود بچوں میں 4 بیٹے اور 3 بیٹیاں شامل جبکہ خاتون کی پہلے بھی 2 بیٹیاں ہیں۔ ایک ساتھ 7 بچوں کو جنم دینے والی خاتون کا تعلق ضلع بٹگرام سے ہے۔بچوں کے والد نے اردو پوائنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا تھا اور کہا تھا کہ اللہ نے ان پر بہت کرم کیا ہے۔

انہوں نے حکومت کو بچوں کے لیے بہترین صحت کی سہولیات دینے کی بھی درخواست دی تھی تاہم آج یہ افسوسناک خبر سامنے آئی ہے کہ ں بیک وقت پیدا ہونے والے سات بچوں میں سے چھ اللہ کو پیارے ہو گئے ہیں جس سے وہ خاندان غمزدہ ہو گیا ہے جو چند دن پہلے بیک وقت سات بچوں کی پیدائش پر خوشیاں منا رہے تھے اور مٹھائیاں تقسیم کر رہے تھے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں