ڈھیری میرا سڑک چھ سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود مکمل نہیں ہو سکی،

مقامی قیادت کی نااہلی پر اہلیان علاقہ سراپا احتجاج

ہفتہ 22 ستمبر 2018 13:14

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ڈھیری میرا سڑک چھ سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود بھی پختہ نہ ہو سکی، مقامی منتخب قیادت کی نااہلی پر اہلیان علاقہ سراپا احتجاج بن گئے۔ اس ضمن میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ فارسٹ چیک پوسٹ، نئی زیارت، یونین کونسل سلہڈ (شاہراہ قراقرم) سے شروع ہونے والی ڈھیری میرا سڑک، شاہ دی گلی، بھورج، کسکی، بائیاں اور دیگر بہت سے دیہات کی واحد رابطہ سڑک ہے، اس سڑک کی مجموعی لمبائی 11 کلو میٹر ہے۔

صوبائی حکومت کے محکمہ مواصلات و تعمیرات نے 2010ء میں مذکورہ سڑک کی تعمیر اور بلیک ٹاپنگ کا کام شروع کیا تھا، اس کے ایک چھوٹے سے حصہ (تقریباً چار کلومیٹر) پر کام کاآغاز کیا گیا لیکن بعد ازاں اسے نامکمل چھوڑ دیا گیا۔ 8 سال کا عرصہ گذرنے کے باوجود تاحال مذکورہ سڑک علاقہ کی حالت ناگفتہ بہ ہے اور یہ پسماندگی کی تصویر پیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ سڑک ابھی تک کچی ہے اور اس پر بڑے بڑے کھڈے بن گئے ہیں جن پر گاڑی کا چلنا محال ہے۔ اس صورتحال سے اہلیان علاقہ کو شدید مشکلات کاسامنا ہے کیونکہ اس سڑک پر بچے، بوڑھے، خواتین اور طلباء و طالبات سفر کرتے ہیں۔ اہلیان علاقہ نے صوبائی وزیر خوراک قلندرخان لودھی سے مطالبہ کیاہے کہ مذکورہ سڑک کو 2017-18ء کی اے ڈی پی میں شامل کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں