خرم شہزاد تنولی ،شیروان میں پولیس اعزاز کے ساتھ سپرد خاک

جمعہ 23 اگست 2019 14:25

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شیروان کا رہائشی نوجوان اسلام آباد پولیس کا اہلکار اپنے ساتھی سمیت شہید ہو گیا، نوجوان کی میت کو شیروان ایبٹ آباد لایا گیا جہاں اسے پولیس اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اسلام آباد سبزی منڈی کے قریب ناکے پر اپنی فرائض سرانجام دینے والے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی جس سے حال لکھالہ شیروان کا رہائشی خرم شہزاد تنولی اپنے ایک ساتھی سمیت شہید ہو گیا جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

شہید پولیس اہلکار خرم شہزاد تنولی کی نماز جنازہ پہلے اسلام آباد پولیس ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی جس میں آئی جی اسلام آباد پولیس محمد عامر ذوالفقار خان سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ اس کے بعد شہید کی میت کو آبائی گائوں حال لکھالہ شیروان پہنچایا گیا۔ شہید کی میت آبائی علاقہ پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ شہید خرم تنولی نے پسماندگان میں بیوہ اور دو جڑواں دو سالہ بچیاں چھوڑی ہیں۔ شہید خرم شہزاد تنولی کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے پولیس اعزاز کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں