حویلیاں کے گائوں دیوال منال میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر خاتون قتل،شوہر شدید زخمی

ہفتہ 27 جون 2020 14:47

حویلیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جون2020ء) حویلیاں کے گائوں دیوال میں ڈکیتی کی واردات میں مزاحمت پر خاتون قتل اور شوہر شدید زخمی ہو گیا، نامعلوم ڈکیت رات ایک بجے کے قریب گھر میں داخل ہوئے اور لوٹ مار شروع کر دی، تھانہ ناڑہ نے رپورٹ درج کر کے تفتیش شروع کر دی، مقتولہ کو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا، زخمی شخص کو ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حویلیاں کے تھانہ ناڑہ کی حدود گائوں دیوال منال میں گذشتہ رات نامعلوم ڈکیت محمد زمان نامی شخص کے گھر میں داخل ہوئے اور ڈکیتی کی غرض سے مال اسباب لوٹنا شروع کر دیا، اس دوران گھر میں موجود محمد زمان اور اس کی بیوی کی آنکھ کھل گئی جنہوں نے مزاحمت کی کوشش کی جس کے جواب میں ڈاکوئوں نے سیدھا فائر ان پر کھول دیا جس سے مسماة (الف) زوجہ محمد زمان گولیاں لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ مقتولہ کا شوہر محمد زمان کو بھی دو گولیاں پیٹ اور چھاتی میں لگیں جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او تھانہ ناڑہ فضل الرحمن موقع پر پہنچ گئے۔ مقامی افراد کی مدد سے زخمی محمد زمان اور مقتولہ خاتون کی نعش کو ٹائپ ڈی ہسپتال لایا گیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی محمد زمان کو ایوب ٹیچنگ ہسپتال ریفر کیا جبکہ مقتولہ خاتون کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالہ کر دی گئی۔ ہسپتال میں عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد سمیت رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے پسماندگان سے اظہار افسوس کرتے ہوئے واردات کو علاقہ بھر کیلئے سوالیہ نشان قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل یونین کونسل دیوال میں چوری اور ڈکیتی کی ایسی کوئی واردات نہیں ہوئی، اس طرح کے جرائم کی روک تھام کیلئے انتظامیہ سے مکمل تعاون کیا جائے گا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں