ایبٹ آباد نااہل نمائندوں کی غفلت کے باعث گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے، ایاز خان جدون

جمعرات 19 جولائی 2018 17:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) ایبٹ آباد کے حلقہ این ای16- سے پاکستان راہ حق پارٹی کے نامزد امیدوار ایاز خان جدون نے کہا ہے کہ دنیا کا خوبصورت ترین شہر ایبٹ آباد نااہل نمائندوں کی غفلت کے باعث گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے، شہر میں داخل ہوتے ہی گندگی کے ڈھیر آنے والوں کا استقبال کرتے ہیں، حلقہ کے عوام نے ساتھ دیا تو الله کے فضل سے ایبٹ آباد کی خوبصورتی بحال کریں گے۔

وہ جمعرات کو اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں ایبٹ آباد شہر اور یونین کونسل نواں شہر میں کارنر میٹنگ اور جھنگڑہ میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی حسن کی وجہ سے ایبٹ آباد سوئٹزر لینڈ سے بھی زیادہ خوبصورت ہے اور اسی وجہ سے یہ شہر ملکی و غیرملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے مگر ہمارے سابق منتخب نمائندوں کی نااہلی کی وجہ سے ایبٹ آباد کی خوبصورتی مانند پڑ چکی ہے، بے ہنگم ٹریفک اور جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر، تھوڑی سے بارش کے بعد شہر کا تالاب میں تبدیل ہو جانا، نوجوانوں کیلئے کھیل کا کوئی میدان نہ ہونا سابق نمائندوں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام 25 جولائی کو انتخابی نشان استری پر مہر لگائیں اور انہیں خدمت کا موقع دیں، انشاالله ایبٹ آباد کی خوبصورتی بحال کریں گے، سیاحت کو فروغ، نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے اقدامات سمیت غریب طبقہ کیلئے قبرستان کا مسئلہ فوری طور پر حل کریں گے، عوام جھوٹے وعدوں میں ہرگز نہ آئیں اور سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں