سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے ساڑھے تین کروڑ کی لاگت سے بننے والی سجیکوٹ۔ تھیسی سڑک کا افتتاح کر دیا

پیر 17 ستمبر 2018 23:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 ستمبر2018ء) رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے ساڑھے تین کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والی سجیکوٹ۔ تھیسی سڑک کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر تحصیل ناظم سردار ارسل پرویز نے پانچ لاکھ اور ہینڈ پمپ دینے کا اعلان کیا۔ ممبر ضلع کونسل سردار شمیم کی طرف سے بھی بھرپور تعاون کا اعلان کیا گیا۔

اس موقع پر ویلج ناظم سردار ظہیر گل کی زیر صدارت تقریب منعقد ہوئی جس میں عمائدین علاقہ ماسٹر محمد صدیق، صوبیدار وزیر، نور محمد، بابو فیاض و دیگر نے بھرپور شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں پہنچنے پر مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی سردار اورنگزیب نلوٹھہ کا شاندار استقبال کرتے ہوئے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ سجیکوٹ تا تھیسی سڑک کی تکمیل سے کسوڑیاں، بالا کھوہ و دیگر دیہات کے عوام مستفید ہوں گے اور سفری سہولیات ملنے سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) وعدوں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے، حلقہ پی کی37 کے عوام نے حالیہ الیکشن میں ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے وہ ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، حلقہ میں بلاتفریق ترقیاتی کاموں کے جال بچھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کی خدمت ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں