ایبٹ آباد پولیس نے دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے سیکورٹی انتظامات مکمل کر لئے

جلوس روائتی راستوں سے گذرے گا، شہر کے داخلی و خارجی راستے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کئے جائیں گے، ڈی پی او

بدھ 19 ستمبر 2018 14:30

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) پولیس نے دسویں محرم الحرام کے ماتمی جلوس کے سیکورٹی انتظامات مکمل کر لئے ہیں، جلوس روائتی راستوں سے گذرے گا، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کئے جائیں گے، شہر مکمل طور پر سیل ہو گا، ضلع میں پہلی مرتبہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے، سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کے ذریعہ جلوس کے راستوں کی نگرانی اور مانیٹرنگ کی جائے گی۔

انتظامیہ نے حویلیاں میں گیارھویں محرم الحرام کو بھی تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عباس مجید مروت نے ایبٹ آباد میں دسویں محرم الحرام کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ جلوس مرکزی امام بارگاہ سے برآمد ہو کر روائتی راستوں سے ہوتا ہوا دوبارہ مرکزی امام بارگاہ میں اختتام پذیر ہو گا۔

(جاری ہے)

جلوس کیلئے ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے جائیں گے، شہر کو مکمل طور پر سیل کیا جائے گا، پولیس نے جلوس کی نگرانی کیلئے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔

گذشتہ روز ڈی آئی جی ہزارہ نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عباس مجید مروت نے انہیں بریفنگ دی۔ ضلعی انتظامیہ نے حویلیاں میں جلوس کے پیش نظر 11 محرم الحرام کو تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں