سابق امیدوار صوبائی اسمبلی امجد شاہزمان نے غریبوں بیوائوں اور یتیموں کیلئے قائم ہیلپ فائونڈیشن کا افتتاح کر دیا

پیر 15 اکتوبر 2018 18:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) سابق امیدوار صوبائی اسمبلی امجد شاہزمان نے غریبوں، بیوائوں اور یتیموں کیلئے قائم کی گئی ہیلپ فائونڈیشن کا افتتاح کر دیا۔ اس ضمن میں ذرائع نے صحافیوں کو بتایا کہ دی اربن پبلک سکول کے ایم ڈی سردار عبدالرشید اور سردار نجیب یوسف نے بیوائوں اور یتیموں کی امداد کیلئے ہیلپ فائونڈیشن کا آغاز کیا ہے۔

ہیلپ فائونڈیشن کا باضابطہ دفتر کالج روڈ منڈیاں پر قائم کر دیا گیا ہے۔ ہیلپ فائونڈیشن کے دفتر کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی سابق امیدوار صوبائی اسمبلی امجدشاہزمان تھے۔ اس موقع پر مقامی لوگوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرشید اور سردار نجیب یوسف نے کہا کہ اس وقت تک ہیلپ فائونڈیشن کے پلیٹ فارم سے 35 سے زائد یتیم بچیوں کو جہیز کا سامان فراہم کر کے ان کی شادیاں کروائی گئی ہیں، کئی علاقوں میں پانی کی بورنگ بھی کروائی گئی ہیں، یتیموں، بیوائوں اور غریبوں کی کفالت میں ہر طرح کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب اور بے سہارا معذوروں اور بیماروں کے علاج معالجہ میں ان کی مدد کا سلسلہ جاری ہے، پسماندہ علاقوں میں مریضوں کو لانے اور لے جانے کیلئے بہت جلد ایمبولینس سروس شروع کی جائے گی جبکہ میڈیکل کیمپ بھی لگائے جائیں گے۔ ہیلپ فائونڈیشن یتیم، غریب اور بے سہارا بچوں اور بچیوں کی تعلیمی ضروریات کیلئے وسائل بھی فراہم کر رہی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امجد شاہزمان نے کہا کہ الله تعالیٰ کی راہ میں جو بھی خرچ کیا جائے، الله تعالیٰ اس کو کئی گنا زیادہ کر کے واپس کرتے ہیں، ہیلپ فائونڈیشن کا قیام ایک احسن اقدام ہے جس کیلئے وہ جانی و مالی طور پر ہیلپ فائونڈیشن کی مدد کریں گے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں