حلقہ پی کے 38 میں پبلک ہیلتھ اور دیگر ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کی جائے، صوبائی وزیر پبلک ہیلتھ قلندر لودھی

پیر 15 اکتوبر 2018 18:50

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ اور خوراک الحاج قلندر خان لودھی نے اپنے حلقہ پی کے 38 میں جاری پبلک ہیلتھ اور تعمیرات کی ترقیاتی سکیموں پر کام کی رفتار تیز کر کے سکیموں کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ وہ گذشتہ روز ایکسین پبلک ہیلتھ ایبٹ آبا د اور ایکسین مواصلات و تعمیرات کے دفاتر میں الگ ا لگ اجلاسوں کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاسوں میں محکمہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے۔ اجلاسوں میں پی کی38 میں جاری ترقیاتی سکیموں پر پیش رفت اور سکیموں پر عمل درآمد میں حائل رکاوٹوں سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا گیا۔ محکمہ آبنوشی کی سکیموں کے حوالہ سے متعلقہ حکام نے بتایا کہ عوام کو پانی کی فراہمی کیلئے جاری ترقیاتی سکیمیں جلد مکمل کر لی جائیں گی، دو سکیموں کا افتتاح اس ہفتہ کے آخر میں کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایکسین پبلک ہیلتھ قیصر فاروق خان نے بتایا کہ حلقہ پی کے 38 میں جاری سکیموں میں سے بیشتر سکیموں کے فیز ون مکمل ہو چکے ہیں، کئی کی مشینری اور پائپ بھی آ چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ پر کام کی رفتار تیز کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ افسران سے کہا کہ اب پہلے کی طرح ایڈوانس ادائیگی کو بھول جائیں اور اب صرف کام کرنے کی صورت میں ہی فنڈز جاری کئے جائیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکاری فنڈز قوم کی امانت ہے، اس کو دیانتداری اور ایمانداری سے خرچ کرنا آپ کا اور میرا فرض ہے، حلقہ پی کے 38 میں جو سکیمیں سی پیک کی وجہ سے خراب ہوئی ہیں یہ سی پیک پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خود ان سکیموں کو ٹھیک کریں۔ صوبائی وزیر نے ایکسین پبلک ہیلتھ سے کہا کہ وہ واپڈا کے ساتھ ایک میٹنگ کریں تاکہ جن سکیموں پر صرف بجلی کی وجہ سے کام رکا پڑا ہے اس کو جلد از جلد مکمل کریں۔

صو با ئی وزیر نے اپنے حلقہ میں جاری تعمیراتی منصوبوں پر بھی کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان سکیموں کے تحت زیر تعمیر عمارتوں میں سے بیشتر کا تعلق تعلیمی اداروں، صحت کی سہولیات اور سڑکوں کے منصوبوں سے ہے اس لئے ان کو جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو یہ سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل میں فنڈ کی فراہمی کے حوالہ سے صوبائی حکومت کی جانب سے کوئی رکاوٹ سامنے نہیں آئے گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں