باوقار قوم کی منزل وقتی بحرانوں سے گذر کر ہی ملے گی، معیشت درست سمت میں ہے، جلد بہتری آئے گی، علی اصغر خان

پیر 15 اکتوبر 2018 23:29

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما علی اصغر خان نے کہا ہے کہ باوقار اور خوشحال قوم کی منزل وقتی بحرانوں سے گذر کر ہی ملے گی، معیشت کی درست سمت میں ہے، جلد بہتری آئے گی۔ وہ یونین کونسل پھلہ کے گائوں چن کوٹ میں عوامی استقبالیہ سے خطاب کر رہے تھے جس میں معززین علاقہ اور پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

علی اصغر خان نے کہا کہ پاکستان کئی دہائیوں سے ایسے سیاستدانوں کے نرغے میں رہا جن کی سیاست عوامی اور قومی مفاد کی بجائے ذاتی اور گروہی سیاسی مفادات کے گرد گھومتی رہی جس کے باعث ملک اس حال کو پہنچا ہے، تحریک انصاف کی حکومت کی انقلابی پالیسیاں ملک وقوم کو درست سمت کی جانب گامزن کریں گی اسی لئے باشعور قوم اس وقت وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

علی اصغرخان نے بھاری اعتماد سے نواز نے پر حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ کے لوگوں نے اصولوں اور خدمت کی سیاست کو جو پذیرائی دی ہے وہ اس علاقہ کے خوشحال مستقبل اور مسائل کے حل کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نذیر احمد عباسی نے کہا کہ حلقہ کے ووٹروں نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر وہ پورا اتریں گے، یہاں کی محرومیوں اور مسائل کے خاتمہ کیلئے دن رات کوشاں ہیں، تمام علاقوں میں بلا تفریق و امتیاز بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین مقصد ہے جس کیلئے ہرممکن وسائل بروئے کار لائیں گے۔

بعد ازاں علی اصغر خان اور نذیر عباسی نے پارٹی کے مقامی رہنمائوں کے ہمراہ سیر شرقی کا بھی دورہ کیا اور عوامی مسائل اور تعمیر و ترقی کے منصوبوں کے حوالہ سے تبادلہ خیال کیا۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں