سائنس ان کیلئے انتہائی مشکل ہے جو محنت پر یقین نہیں رکھتے، ناکام تجربہ انسان کو کامیابی کی طرف لیکر جاتا ہے

وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کا شعبہ کیمسٹری کی ویلکم پارٹی سے خطاب

جمعہ 19 اکتوبر 2018 21:20

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اکتوبر2018ء) سائنس انتہائی مشکل ہے ان لوگوں کیلئے جو محنت پر یقین نہیں رکھتے، جب تک آپ کوشش نہیں کریں گے، آپ ترقی نہیں کریں گے، راتوں رات کوئی بھی چیز نہیں بنتی اس کیلئے محنت اور وقت درکار ہوتا ہے، ہر ایک ناکام تجربہ انسان کو کامیابی کی طرف لیکر جاتا ہے، ہمیں خصوصاً سائنس میں ہمار ے پاس سوائے محنت کے اور کوئی دوسرا کوئی اختیار نہیں ہے، آپ محنت کریں گے تو الله آپ کو کامیابی عطا کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر ایبٹ آباد یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے جمعہ کو شعبہ کیمسٹری کی ویلکم پارٹی سے اپنے خطاب کے دوران کیا۔ پارٹی کا اہتمام نئے آنے والے طلباء و طالبات کو خوش آمدید کہنے کیلئے کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں ہیڈ ڈیپارٹمنٹ آف کیمسٹری ڈاکٹر نصرت شاہین نے وائس چانسلر کو آمد پر خوش آمدید کہا اور شعبہ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخاراحمد نے کہا کہ ہمیں محنت کئے بغیر منزل نہیں مل سکتی، ہم صرف معجزوں کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں، ترقی کیلئے کوئی شارٹ کٹ یا معجزہ نہیں بلکہ محنت کی ضرورت ہوتی ہے، محنت کے بغیر ترقی کا تصور ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ بھی شارٹ کٹ پر جانے کی بجائے محنت کو اپنا شعار بنائیں تب ہی کامیابی ان کے قدم چومے گی، محنت سے جی چرانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ایبٹ آباد یونیورسٹی نے ہمیشہ ایسی سرگرمیوں کی بڑھ چڑھ کر حوصلہ افزائی کی ہے، آج کے طالب علم کو زیادہ چیلنجز سے نمٹنا ہے، ایبٹ آباد یونیورسٹی کی کامیابی طلبہ کی کامیابی پر منحصر ہے۔ انہوں نے پارٹی کے منظم اور کامیاب انعقاد پر ڈیپارٹمنٹ ہیڈ ڈاکٹر نصرت اور ٹیم کومبارکباد دی اور نئے آنے والے طلباء و طالبات کو خو ش آمدید بھی کہا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں