ایبٹ آباد پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف ہفت روزہ مہم کے دوران 35 کلو چرس، 4 کلو ہیروئن اور 25 بوتل شراب برآمد کر لی

بدھ 14 نومبر 2018 23:15

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 نومبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف 7 روزہ مہم کے دوران ایبٹ آباد پولیس نے 35 کلو 695 گرام چرس، 4 کلو 70 گرام ہیروئن اور 25 بوتلیں شراب برآمد کر کے ملزمان کے خلاف 88 مقدمات درج رجسٹر کئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی ہدایت پر ضلع بھر میں 6 سے 12 نومبر کے دوران منشیات کے خلاف 7 روزہ مہم کے دوران بھاری مقدا ر میں منشیات برآمد کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی گئی۔

منشیات کے خلاف مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ کینٹ نے کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروشوں کے خلاف مجموعی 34 مقدمات درج کرتے ہوئے 11308 گرام چرس اور 1141 گرام ہیروئن برآمد کی، ایس ایچ او تھانہ سٹی نے 21 مقدمات درج کرتے ہوئے 2648 گرام چرس، 763 گرام ہیروئن اور پانچ بوتل شراب برآمد کی جبکہ تھانہ شیروان ایس ایچ او اشتیاق شاہ نے کارروائی کرتے ہوئے دو مقدمات درج رجسٹرڈ کئے اور 185 گرام چرس برآمد کی۔

(جاری ہے)

اسی طرح ایس ایچ او تھانہ میرپور رشید سواتی نے منشیات فروشوں کے خلاف کاروائیوں کے دوران سات مقدمات درج رجسٹرڈ کئے اور 4390 گرام چرس برآمد کی۔ ایس ایچ او تھانہ نواں شہر نے کارروائی کے دوران سات مقدمات درج رجسٹرڈ کئے اور 1025 گرام چرس اور 1146 گرام ہیروئن برآمد کی۔ ایس ایچ او تھانہ مانگل نے کارروائی کے دوران پانچ مقدمات درج کئے جس میں 7980 گرام چرس اور 20 بوتل شراب برآمد کی، ایس ایچ او تھانہ حویلیاں ہادی پرستان نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے چھ مقدمات درج رجسٹرڈ کئے جس میں انہوں نے 6810 گرام چرس اور 910 گرام ہیروئن برآمد کی۔

ایس ایچ او تھانہ لورہ شہزاد خان نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران دو مقدمات درج رجسٹرڈ کئے اور 1074 گرام چرس برآمد کی۔ اسی طرح ایس ایچ او بگنوتر نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے 110 گرام ہیروئن برآمد کی، ایس ایچ او ڈونگاگلی نے تین مقدمات میں 275 گرام چرس برآمد کی۔ ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے منشیات کے خاتمہ کیلئے مزید ایک ہفتہ کی انسداد منشیات مہم شروع کرنے کے احکامات جاری کئے جو 19 نومبر 2018ء تک جاری رہے گی۔

ضلعی پولیس سربراہ نے عوام الناس اور دیگر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے اپیل کی کہ منشیات کے خاتمہ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ضلع پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور ہر قسم کی منشیات سے متعلقہ اطلاعات بذریعہ ایس ایم ایس 0346-1119651 پر فراہم کریں تاکہ ایبٹ آباد جیسے پرامن شہر کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں