گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ نبی ایبٹ آباد میں تقسیم انعامات کی تقریب

پیر 19 نومبر 2018 17:39

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ نبی ایبٹ آباد میں تقسیم انعامات کی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر طلبا و طالبات میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ نبی میں تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں تلاوت، حمد، نعت، قومی ترانہ، ملی نغمہ، ٹیبلو، تقریری مقابلوں میں اول اور دوئم آنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مہمان خصوصی جنید خان جدون نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بچوں نے جس مہارت اور حوصلے سے فن کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ بچوں کے فن کا مظاہرہ اساتذہ کی دن رات محنت کا ثمر ہے۔ ہیڈ ٹیچر گورنمنٹ پرائمری سکول بانڈہ نبی سید طارق حسین شاہ نے کہا کہ یہ بچے ہمارا سرمایہ ہیں، ہماری پوری کوشش ہے کہ گورنمنٹ کے اس ادارہ میں ہر بچہ بہترین تعلیم حاصل کر ے اور اپنے ٹیلنٹ کو بھرپور طریقے سے استعمال کرے۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کی بہترین رہنمائی کرنے پر اپنے سٹاف محمد تنویر، توقیر خان، محمد دلاور، محمد علی خان اور وجہیہ الحسن خان کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں