ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے پولیس نفری کم ہے، بہت جلد ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کیلئے 750 اہلکار بھرتی کئے جائیں گے

کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس حصول کیلئے موبائل وین، موٹرسائیکلیں اور دس گاڑیاں ایبٹ آباد کیلئے حاصل کرلی ہیں،ایس پی ٹریفک ہزارہ پولیس

منگل 20 نومبر 2018 18:59

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 نومبر2018ء) ایس پی ٹریفک پولیس ہزارہ اشتیاق خان نے کہاہے کہ ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے پولیس نفری کم ہے۔ بہت جلد ہری پور، ایبٹ آباد اور مانسہرہ کیلئے 750 اہلکار بھرتی کئے جائیں گے۔ پشاور سے کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس حصول کیلئے موبائل وین، موٹرسائیکلیں اور دس گاڑیاں ایبٹ آباد کیلئے حاصل کرلی ہیں۔

اپنے دفتر میں صحافیوں سے غیررسمی بات چیت کے دوران ایس پی ٹریفک پولیس اشتیاق خان کا کہناتھاکہ ایبٹ آباد شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر قابو پانے کیلئے ہمارے پاس نفری بہت کم ہے۔ ان کی سفارشات پر ڈی آئی جی ہزارہ نے صوبائی حکومت کو ٹریفک پولیس کیلئے بھرتیوں کا کہاہے۔ صوبائی حکومت اور فنانس ڈیپارٹمنٹ نے ایبٹ آباد، مانسہرہ اور ہری پور کیلئے 750 اہلکاروں کی بھرتی کی منظوری دے دی ہے۔

(جاری ہے)

لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ایٹا والے بیک وقت صرف پچاس امیدواروں کے ٹیسٹ لے سکتے ہیں۔ جس کی وجہ سے ساڑھے سات سو اہلکاروں کی بھرتی پر سالوں لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ان کی کوششوں سے کمپیوٹرائزڈ ڈرائیورنگ لائسنس کی نئی وین، دس موٹرسائیکلیں اور دیگر گاڑیاں ٹریفک پولیس کے لئے حاصل کرلی ہیں۔ ٹریفک کے نظام کی بہتری کیلئے شہری بھی ہمارے ساتھ تعاون کریں۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں