ایبٹ آباد میں پولیو مہم جاری، برف باری کے باعث متاثرہ علاقوں میں مہم روک دی گئی

ضلع میں 2 لاکھ 16 ہزار بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے، پولیو ٹیمیں ہدف کی جانب گامزن ہیں، اسامہ بشیر

بدھ 12 دسمبر 2018 19:50

ایبٹ آباد۔ 12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ضلع ایبٹ آباد کی 54 یونین کونسلوں میں پولیو مہم جاری ہے، گلیات میں برف باری سے متاثرہ علاقوں میں پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی ہے، 98 فیصد پولیو مہم مکمل کر لی گئی ہے۔ پولیو مہم ضلع ایبٹ آباد کے انچارج ڈاکٹر اسامہ شبیر نے اس حوالہ سے’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ضلع میں 2 لاکھ 16 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیوکی ٹیمیں اپنے ہدف کی جانب گامزن ہیں، ضلع ایبٹ آباد کی54 یونین کونسلوں میں محکمہ صحت کے دو ہزار اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، 790 موبائل ٹیمیں، 101 فکس ٹیمیں جبکہ مختلف ٹرانسپورٹ اڈوں پر 32 ٹیمیں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں۔

ڈاکٹر اسامہ شبیر نے بتایا کہ گلیات کے علاقوں نتھیاگلی، خانسپور اور نگری بالا میں برف باری کے باعث پولیو مہم عارضی طور پر روک دی گئی ہے، پولیو مہم کے پہلے روز 65 افرادنے اپنے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے سے انکار کیا، ان میں سے 40 افراد کو قائل کیا گیا، مہم کے دوسرے روز 40 افراد نے اپنے بچوں کو پولیوکے قطرے نہیں پلائے، ان میں سے بھی اکثریت کو قائل کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اسامہ شبیر نے کہا کہ حویلیاں اور بالڈھیری کے مقام پر چند لوگوں کی جانب سے پولیومہم کی مخالفت سامنے آئی ہے، ضلع ایبٹ آباد کی 54 یونین کونسلوں میں 98 فیصد پولیو مہم مکمل کرلی گئی ہے۔ پولیو مہم کے انچارج کے مطابق جو لوگ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے نہیں پلارہے، مہم کے آخری روز ان لوگوں کی لسٹ تیار کر کے ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کو رپورٹ پیش کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں