وفاق المدارس العربیہ پاکستان ناخواندگی کی شرح کم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے، مولانا حبیب الرحمن

بدھ 12 دسمبر 2018 23:04

ایبٹ آباد۔ 12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) وفاق المدارس ایبٹ آباد کے مسئول مولانا حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ وفاق المدارس العربیہ پاکستان ملک میں ناخواندگی کی شرح کم کرنے میں کردار ادا کر رہا ہے، منسلک 20 ہزار اداروں میں لاکھوں بچوں اور بچیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جاتا ہے، دنیا کی پہلی 500 یونیورسٹیوں میں پاکستان کا نام شامل نہیں ہے تاہم دینی اعتبار سے دنیا بھر میں پہلے 100 دینی مدارس میں 80 فیصد پاکستان میں ہیں جو ملک کیلئے ایک اعزاز کی بات ہے، پیغام مدارس کانفرنس (آج) جمعرات کو جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقد کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس ایبٹ آباد کے مسئول مولانا حبیب الرحمن نے ایبٹ آباد پریس کانفرنس میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا انیس الرحمن، مولانا مفتی زبیر صلاح، مولانا شیر محمد اور مولانا غلام مجتبیٰ بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام کے نام پر قائم ہونے والے ملک میں دینی تعلیم کیلئے حکومتی سطح پر کوئی بجٹ مختص نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھرمیں پیغام مدارس کانفرنس کی جا رہی ہیں۔ ایبٹ آباد میں بھی اسی سلسلہ کی کانفرنس آج جمعرات کو جلال بابا آڈیٹوریم میں منعقد کی جائے گی۔ ضلعی مسوئل مولانا حبیب الرحمن نے کہا کہ وفاق المدارس کا تعلیمی بورڈ اپنی مثال آپ ہے، پورے ملک میں ایک وقت ہی امتحان شروع اور ختم ہوتے ہیں جو تعلیمی نظام میں بہترین مثال ہے جس کا ملکی بجٹ میں کوئی بوجھ نہیں ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں