ضلعی انتظامیہ، واسا اور غیر سرکاری تنظیم ’’یقین‘‘ نے ایبٹ آباد میں کلین اینڈ گرین مہم کا آغاز کر دیا

بدھ 12 دسمبر 2018 23:14

ایبٹ آباد۔ 12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ، واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی (واسا) اور ایک غیر سرکاری تنظیم ’’یقین‘‘ نے وزیراعظم عمران خان کی کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے سلسلہ میں ایبٹ آباد میں مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ مہم کا باقاعدہ افتتاح بدھ کو ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد عامر آفاق نے مسلم آباد سلہڈ ایبٹ آباد سے کیا۔

اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف، ڈپٹی منیجر واسا انجینئر جاوید عباسی، چیف سنیٹری انسپکٹر، یقین کے عہدیداروں، گورنمنٹ کالج آف مینجمنٹ سائنسز کے طلباء اور دیگر رضا کاروں نے افتتاحی مہم میں شرکت کی۔ کلین اینڈ گرین ایبٹ آباد مہم آئندہ دو روز تک جاری رہے گی جس کے تحت شاہراہ ریشم سمیت شہر کی دیگر سڑکیں اور گلیاں بھی صاف کی جائیں گی۔

(جاری ہے)

افتتاح کے موقع پر مہم کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عامر آفاق نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنے کیلئے انتظامیہ، سرکاری اداروں اور غیر سرکاری شعبہ کا اشتراک اور تعاون خوش آئند اور حوصلہ افزاء ہے تاہم یہ عظیم مقصد شہریوں کے تعاون سے ہی حاصل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہر فرد اگر صرف اپنے ارد و گرد کو ہی صاف کر دے تو پورا شہر صاف نظر آئے گا۔ انہوں نے کلین اینڈ گرین ایبٹ آباد کیلئے انتظامیہ، واسا اور یقین کی کوششوں خصوصاً طلباء کے جذبہ کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ اس مہم کی کامیابی کیلئے کردار ادا کرنے والے ہر شعبہ کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ انہوں نے عوام سے مہم میں حصہ لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ارد و گرد کو صاف ستھرا رکھنا ہم سب کی ذمہ دا ری ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ ایبٹ آباد میں شروع کی گئی کلین اینڈ گرین مہم سے شہریوں اور سیاحوں کو جلد واضح اور خوشگوار تبدیلی نظر آئے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے طلباء پر روز دیا کہ شہری اور فلاحی کاموں کے ساتھ ساتھ اپنی پڑھائی کو ہرگز نظر انداز نہ کریں تاہم انہوں نے کہا کہ شہر کو صاف ستھرا کرنے کیلئے طلباء کا جذبہ قابل ستائش ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں