ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ضمنی انتخابات کے حوالہ سے اہم اجلاس

بدھ 12 دسمبر 2018 23:14

ایبٹ آباد۔ 12 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت ضمنی انتخابات 2018ء کے حوالہ سے اہم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد شاہد خان، ایڈیشنل ایس پی سونیا شمعروز خان، ایس پی انوسٹی گیشن عزیز خان آفریدی، ایس پی ٹریفک وارڈن پولیس محمد اشتیاق، الیکشن کمیشن حکام، جملہ ایس ڈی پی اوز ضلع ایبٹ آباد، جی او سپیشل برانچ، آر آئی پولیس لائن اور دیگر متعلقہ افسران و عہدیداران نے شرکت کی۔

میٹنگ کے دوران ضمنی الیکشن کے دوران سکیورٹی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں فیز ون کے تحت الیکشن سے قبل اور الیکشن کے دن تک ریٹرنگ افسران، پولنگ سٹاف، امیدواران اور الیکشن مٹیریل کی سیکورٹی کے حوالہ سے تمام امور زیر بحث لائے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ضلعی پولیس سربراہ نے فیز II میں الیکشن کے دن کی سیکورٹی کے متعلق ہدایات دیں اور فیز III میں الیکشن کے بعد سکیورٹی انتظامات اور الیکشن مٹیریل اور دیگر امور پر متعلقہ افسران کو ذمہ داریوں کے متعلق آگاہ کیا۔

ضمنی الیکشن کے دوران سیکورٹی پلان کے مطابق ضلع ایبٹ آباد میں مجموعی طور پر 90 پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ ہو گی جن میں سے 8 پولنگ سٹیشنز انتہائی حساس، 45 حساس اور 37 پولنگ سٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے جس پر ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت کی زیر نگرانی ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد، ایس پی انوسٹی گیشن، ایس پی ٹریفک وارڈن، سرکل ڈی ایس پیز کے علاوہ پولیس لائن ہیڈکوارٹرز میں بطور ریزرو نفری سمیت 97 اپر سب آرڈینیٹس، 116 ہیڈ کانسٹیبلان، 616 کانسٹیبلان اور 73 لیڈی کانسٹیبلان ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔

ضلعی پولیس سربراہ ایبٹ آباد عباس مجید خان مروت نے ضمنی انتخابات کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے سپیشل برانچ ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ ایبٹ آباداور جملہ ایس ڈی پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام پولنگ سٹیشنوں کا سیکورٹی کے حوالہ سے دورہ کرنے کے ساتھ ساتھ سیاسی پارٹیوں کے اختلافات اور دیگر غیر اخلاقی، غیر قانونی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو اور الیکشن کا پرامن انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں