ایبٹ آباد میں آتشزدگی سے 18 دکانوں میں موجود ایک کروڑ روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا

ہفتہ 19 جنوری 2019 23:32

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) ایبٹ آباد میں زربت مارکیٹ میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آتشزدگی سے 18 دکانوں میں موجود ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔انجمن تاجراں گامی اڈہ کے صدر سجاد خان کے مطابق جمعہ کی رات ایبٹ آباد گامی اڈہ کے قریب واقع زربت مارکیٹ کی ایک دوکان میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی، آگ کے شعلوں نے مارکیٹ میں موجود دیگر 17 دکانوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، آتشزدگی کی اطلاع پر ریسیکو 1122 کی ٹیم موقع پر پہنچ آئی اور آگ پر قابو پایا۔

تاجروں نے مطابق انہوں نے آتشزدگی کی اطلاع واپڈا کو بھی دی تاہم واپڈا حکام کی جانب سے بروقت بجلی بند نہ کرنے پر تاجروں کا زیادہ نقصان ہوا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز انجمن تاجراں گامی اڈہ کی صدر سجاد خان کی قیادت میں تاجروں نے احتجاج کیا۔ احتجاج کی اطلاع پر اسسٹنٹ کمشنر عثمان اشرف اور ایس ایچ او تھانہ کینٹ سردار رفیق پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔

تاجروں نے اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے نقصان سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واپڈا حکام کی مبینہ غفلت کے باعث تاجروں کا زیادہ نقصان ہوا۔ اس موقع پر تاجروں نے ایس ایچ او تھانہ کینٹ کو ایکسین واپڈا، ایس ڈی او اور لائن مین کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے درخواست دی۔ انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی پر تاجروں نے احتجاج مؤخر کر دیا۔

آتشزدگی سے متاثرہ تاجروں میں خرم ولد محمد اشرف، محمد آصف ولد عارف، محمد فاروق ولد لعل خان، حزب الله ولد خیل گل، قیس محمد ولد حاجی طائوس، عبدالله، عبدالحفیظ ولد محمد شفیق، رحمت خان ولد انار گل، فیصل، رمضان ولد ملک امان، فیضان ولد محمد سعید، عارف عباسی ولد علی خان، روح الله ولد علیم گل، غلام جان، مہد علی، ظہیر احمد اور عیسیٰ ملک شامل ہیں۔ متاثرہ تاجروں کے مطابق ان کا ایک کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں