کریم پورہ سکول کی دو معلمات کی گرفتاری کے خلاف خواتین اساتذہ کا پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

منگل 23 اپریل 2019 23:19

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کریم پورہ کی دو معلمات کی گرفتاری کے خلاف ایبٹ آباد کی خواتین اساتذہ نے ملگری استاذان کی زیر قیادت پریس کلب ایبٹ آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔

(جاری ہے)

ملگری استاذان ضلع ایبٹ آباد کے صدر عبدالرزاق مغل کی قیادت میں خواتین اساتذہ نے منگل کو گورنمنٹ گرلز جامع سکول سے احتجاجی ریلی نکالی اور پریس کلب ایبٹ آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ گرلز پرائمری سکول کریم پورہ کی دو معلمات پر بچی پر تشدد کے الزام میں تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا۔

مقدمہ کے اندراج کے بعد پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے گرلز پرائمری سکول میں گھس کر دو معلمات کو گرفتار کیا جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچی پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کرنے والا نوجوان سائبر کرائم کا مرتکب ہوا ہے۔ اس نوجوان کے خلاف بھی مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کیا جائے۔ مظاہرین نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو وہ صوبائی قیادت سے رابطہ کر کے بھرپور احتجاج کریں گی۔

ایبٹ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں